لاہور(وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کیلئے دائر درخواست پر سماعت 3 دسمبر تک ملتوی کردی۔ عدالت نے شاہد خاقان عباسی کو آئندہ سیشن میں شرکت کیلئے درخواست دینے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے قرار دیا کہ اگر سپیکر قومی اسمبلی پروڈکشن آرڈر جاری کر دیں تو عدالت کو آگاہ کیا جائے۔ سپیکر قومی اسمبلی کے فیصلے کے بعد تفصیلی فیصلہ دیں گے۔ عدالت نے قرار دیا کہ آپ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ اسمبلی قانون کے مطابق نہیں چلائی جا رہی۔ سپیکر اسمبلی تمام ممبران کی طرف سے نمائندگی کر رہے ہیں،جس پر درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ سپیکر قومی اسمبلی پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کے معاملے پر دوہرا معیار اپنایا ہوا ہے۔ آصف زرداری سمیت دیگر ممبران کو پروڈکشن آرڈر جاری کئے ہیں‘ نیب نے ابھی تک شاہد خاقان عباسی کے خلاف ریفرنس بھی دائر نہیں کیا۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کی درخواست صرف ایک سیشن میں شرکت کیلئے دی جو اب ختم ہوچکا ہے۔ چیپٹربارہ میں سپیکرکے اختیارات واضح طور پر موجود ہیں۔ رول 108 کے تحت ان کی درخواست قابلِ سماعت نہیں ہے۔ عدالت نے استفسارکیا کہ کیا یہ اختیار صرف سپیکر کو حاصل ہے جس پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم ابھی جوڈیشل ریمانڈ پر ہے۔ اسمبلی سیشن بھی ختم ہوگیا ہے۔ نیا سیشن سات دسمبر سے شروع ہونے کی توقع ہے۔ عدالت نے غیر متعلقہ عدالتی فیصلوں کی مثالیں پیش کرنے پر ڈپٹی اٹارنی جنرل پر اظہارِ ناراضگی کیا۔