اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ثابت ہوگیا عمران خان نالائق تھے، نالائق ہیں اور نالائق ہی رہیں گے۔ آپ جیسے تاریخی نالائق اور نااہل کے ہوتے ہوئے کسی اور دشمن کی ضرورت نہیں۔ افسوس آج آپ کی نالائقی، نااہلی اور جھوٹ کی بنا پر ملک غیرمحفوظ ہورہا ہے۔ وزیر اعظم کے بیان پر رد عمل میں انہوں نے کہا کہ عمران صاحب کا بیان کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مترادف ہے، افسوس آج آپ کی نالائقی، نااہلی اور جھوٹ کی بناء پر ملک غیرمحفوظ ہورہا ہے ۔ ان کی نالائقی کی سپریم کورٹ نے بھی بار بار نشاندہی کی لیکن وہ ہمیشہ کی طرح اپنی نالائقی اور نااہلی کا بوجھ دوسروں پر ڈالنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔ عمران خان نے جن پر ملک کو لوٹنے کا الزام لگایا، وہ ان پر ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہ کر پائے۔ مریم اورنگزیب نے نواز شریف کی صحت سے متعلق بیان میں کہا ہے کہ قوم سے ان کیلئے دعا کرنے کی اپیل ہے۔