لاہور ( سپیشل رپورٹر) جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اورنائب صدر متحدہ مجلس عمل پیرا عجازاحمد ہاشمی نے کہا ہے کہ فلسطین عربوں کا نہیں امت مسلمہ کا مسئلہ ہے۔قبلہ اول کی آزادی پر کوئی سودے بازی قبول نہیں کریں گے۔ عرب ممالک امریکہ اور اسرائیل سے کسی خیر کی توقع نہ رکھیں۔ ایران سے انہیں کوئی خطرہ نہیں۔ اسلامی ممالک اپنے سفارتی تعلقات مضبوط بنائیں ، انہیں کسی کی مدد کی ضرورت نہیں پڑے گی۔اسرائیل کی ناجائز ریاست کو تسلیم کرانے کے لئے فلسطینیوں کے خون کی تجارت نہیں ہونے دیں گے۔ اسرائیل غاصب اورناجائز ریاست ہے جو سرزمین انبیاء فلسطین پر مسلمانوں کو بے گھر کرکے ظلم وجبر سے قائم کی گئی۔ متحدہ عرب امارات ہو، مصر، ترکی یا کوئی اور مسلم ریاست اسرائیل کو تسلیم کرکے سب نے گھاٹے کا سودا کیا ہے۔ سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان تعلقات پر امت مسلمہ میں تشویش پائی جاتی ہے ۔او آئی سی اسرائیل کو تسلیم کر نے والے مسلم ممالک کی ممبر شپ ختم کرے ۔