لاہور (نمائندہ سپورٹس) لاہور کی رہائشی لڑکی نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم پر دس سال تک جنسی ہراساں کرنے کا سنگین الزام عائد کر دیا ہے۔ لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حامزہ مختار نے الزام عائد کیا ہے بابر اعظم مجھے شادی کے نام پر 10 سال سے ہراساں کر رہے ہیں۔ اس دوران مجھ سے کروڑوں روپے بھی لے چکے ہیں اور ایک روپیہ واپس نہیں کیا۔ حامزہ کا کہنا تھا بابر اعظم کی فیملی ان پر ایک روپیہ خرچ نہیں کرتی۔ وہ مجھ سے جیب خرچ لیتے رہے ہیں۔ اب کپتان بننے کے بعد مجھ سے رابطہ نہیں کر رہا۔ پی سی بی اور تھانہ نصیر آباد نے میری درخواستوں پر ایکشن نہیں لیا۔ لڑکی نے مطالبہ کیا کرکٹ بورڈ فوری بابراعظم کو کپتانی سے ہٹائے ورنہ پی سی بی آفس کے سامنے خود سوزی کر لوں گی۔ رابطہ پر بابر اعظم کے والد کا فون بند تھا جبکہ پی سی بی کا کوئی نمائندہ معاملے پر مؤقف دینے کیلئے دستیاب نہیں ہو سکا۔