لاہور (سپیشل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت نے سابقہ قبائلی علاقوں کے ساتھ اپنے وعدے پورے نہیں کیے۔ قبائلی علاقوں کا خیبر پختونخوا میں انضمام تو ہوا، لیکن وہاں کوئی کام نہیں ہوا۔ حکومت صرف وعدوں پر ٹرخا رہی ہے۔ وزیراعظم نے عوام کو سبز باغ دکھانے کی پالیسی اپنا رکھی ہے۔ طویل بدامنی کی وجہ سے قبائلی علاقوں کی معیشت زراعت اور تجارت بیٹھ گئی اور زندگی مفلوج ہو گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے باجوڑ میں قبائلی عمائدین اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت اعلانات، وعدوں اور دعووئوں کے سہارے چلنے کی کوشش کر رہی ہے۔ حکومت نے قبائلی علاقوں میں امن و امان کے قیام کے لیے چالیس ہزار لیویز بھرتی کرنے، علاقے میں میڈیکل کالج اور ایک یونیورسٹی بنانے کاوعدہ کیا تھا مگریونیورسٹی تو کیا، علاقے میں کوئی ایک نیا سکول نہیں کھولا گیا۔ قبائلی علاقوں میں بنیادی انفراسٹرکچر بری طرح تباہ ہوچکاہے۔ سڑکیں، مارکیٹیں، تعلیمی ادارے اور ہسپتال جنگ زدہ علاقے کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ کراچی سے چترال تک پورے ملک پر مایوسی کے بادل چھائے ہوئے ہیں۔ حکومت کو ووٹ اور سپورٹ دینے والے بھی مایوس ہو کر بیٹھ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا ملک میں قرآن و سنت کا نظام نافذ کیا جائے۔
قبائلی علاقوں میں کوئی کام نہیں ہوا‘ وزیراعظم کی پالیسی سبز باغ دکھانے کی: سرا ج الحق
Nov 29, 2020