گوجرخان (نامہ نگار) ماں نے اپنی تین معصوم بچیوں کو کنویں میں پھینک کر خود بھی چھلانگ لگا دی۔ ماں بچ گئی جبکہ تینوں بچیاں جاں بحق ہو گئیں۔ سی پی او راولپنڈی احسن یونس نے واقعہ کا نوٹس لے کر تفصیلات طلب کر لیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے والدہ کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ گوجرخان کے علاقے گلیانہ روڈ پر نواحی گاؤں دلمی کی ڈھوک سرور خان کی رہائشی سونیا زوجہ محمد گلفراز نے اپنے تین معصوم بچیوں انیتا فاطمہ عمر چھ ماہ، ندا فاطمہ عمر تین سال، ردا فاطمہ عمر پانچ سال کو اس وقت گھر کے کنویں میں پھینک دیا۔ جب اس کا شوہر مزدوری کے لیے گوجر خان شہرگیا ہوا تھا۔ سنگدل ماں نے اپنی معصوم بچیوں کو کنویں میں پھینکنے کے بعد خود بھی چھلانگ لگا دی۔ سونیا خود تو بچ گئی لیکن معصوم بچیاں جان کی بازی ہار گئیں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کا عملہ فوراً موقع پر پہنچ گیا۔ جنہوں نے معصوم بچیوں کی لاشوں اور ان کی ماں کو گاؤں کے لوگوں کی مدد سے کنویں سے نکالا اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال گوجر خان شفٹ کر دیا۔ انتہائی اقدام کی وجہ گھریلو جھگڑا بتائی جا رہی ہے۔
گوجر خان: 3 بیٹیوں سمیت کنویں میں چھلانگ، بچیاں جاں بحق، ماں بچ گئی
Nov 29, 2020