کرونا، مزید 45 اموات، تھیٹرز رات 10 بجے تک بند کرنیکا حکم

اسلام آباد، لاہور، سرگودھا (خصوصی نمائندہ، سپورٹس رپورٹر،کلچرل رپورٹر، نامہ نگار) دنیا بھر میں کروڑوں لوگوں کو متاثر اور لاکھوں کی اموات کا سبب بننے والے مہلک کرونا وائرس کی پاکستان میں دوسری لہر جاری ہے اور مسلسل چوتھے روز ملک میں 3 ہزار  45 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ملک میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 92 ہزار 356 ہے جس میں سے 3 لاکھ 37ہزار 553 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 7 ہزار 942 تک پہنچ گئی ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کرونا وائرس کے 3 ہزار 45 کیسز اور 45 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ ایک ہزار 672 مریض صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد فعال کیسز کی تعداد 46 ہزار 861 تک پہنچ گئی۔گزشتہ روز 28 نومبر کوصوبہ سندھ، جو اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے، وہاں 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 423 کیسز کا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد ایک لاکھ 70 ہزار 206 تک پہنچ گئی۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس عالمی وبا کے باعث سندھ میں مزید 12 مریض انتقال کرگئے اور یوں صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد 2 ہزار 897 تک پہنچ گئی۔صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کرونا کے 738 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 17 ہزار 898 ہوگئی۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 15 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی تعداد 2 ہزار 960 ہوگئی۔صوبہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 323 افراد کو وبا نے متاثر کیا جس کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 46 ہزار 604 ہوگئی۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 9 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 355 تک جا پہنچی۔آزاد کشمیر میں کرونا کے 55 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق ہوئی جس کے بعد وادی میں متاثرین کی تعداد 6 ہزار 556 ہوگئی۔آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید6 افراد زندگی کی بازی ہار گئے اور اس طرح وہاں اموات کی مجموعی تعداد161 تک جا پہنچی۔گلگت بلتستان میں وبا کے21 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 619 ہوگئی۔مزید یہ کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک فرد وائرس سے انتقال کرگیا اور یوں مجموعی اموات کی تعداد 97 تک پہنچ گئی۔ نیوزی لینڈ جانے والے پاکستان کرکٹ سکواڈ میں شامل ایک اور کھلاڑی عالمی وبا کرونا وائرس کا شکار ہوگیا‘ جس کے بعد کرونا وائرس سے متاثر ٹیم میں شامل افراد کی مجموعی تعداد7 ہوگئی ہے۔ پاکستان کرکٹ سکواڈ چار روز قبل نیوزی لینڈ پہنچا جہاں پورے سکواڈ کے کوویڈ 19  ٹیسٹ کئے گئے‘ پہلے ٹیسٹ کے نتیجے میں 6 افراد  کی رپورٹ مثبت آئی تھی جنہیں الگ قرنطینہ کر دیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی سکواڈ کا اگلا کرونا وائرس کا ٹیسٹ کلپیر کو ہوگا‘ نیوزی لینڈ میں موجود پاکستان کرکٹ سکواڈ میں شامل ارکان کے دوسرے کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ بھی منفی آئی ہے۔ حکومت پنجاب نے تمام تھیٹر رات 10  بجے بند کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اب تھیٹر رات10  بجے تک کھلے رہیں گے۔ 11  سے ایک بجے تک چلنے والے ڈرامے حکومت نے بند کر دیئے ہیں۔ خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔ چودھری  پرمون بشیر ایڈووکیٹ  سپریم کورٹ کرونا کے باعث انتقال کر گئے۔ حکومت نے شادی کیلئے دولہا اور دلہن کے کرونا ٹیسٹ اور تقریبات میں کرونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمدکے لئے متعلقہ افسران کو ضروری احکامات جاری کر دیئے۔ ذرائع کے مطابق کرونا وباء کی دوسری لہر میں شدت اور تیزی کی صورتحال کے پیش نظر نکاح قبل جوڑے دولہا اور دولہن کا کرونا ٹیسٹ کو لازمی قرار دیدیا ہے۔ جس میں جوڑے کے کرونا ٹیسٹ کی تصدیق شدہ کاپی نکاح رجسٹر میں منسلک کرکے نکاح نامہ کے ساتھ متعلقہ یونین کونسل میں جمع ہوگی۔عالمی ادارہ صحت کی ایک عہدیدار نے کہا کہ ایسے ممالک جہاں کوویڈ19-کے کیسز کم ہورہے ہیں انہیں اب بھی چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔ عالمی ادارہ صحت  کے ہنگامی صحت پروگرام کی ٹیکنیکل سربراہ ماریا وان کرخوف نے ایک ورچوئل بریفنگ کے دوران کہا کہ اس کے باوجود کہ کیسز کی تعداد کم ہورہی ہے تمام ممالک کو چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...