لاہور (خصوصی نامہ نگار) مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر ساجد میر نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ دورہ سعودی عرب سے واپسی پر مرکز راوی روڈ میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ساجد میر کا کہنا تھا کہ سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے پاکستانی زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم کرنے اور کرونا وباء کے اثرات سے نمٹنے میں مدد کیلئے سٹیٹ بینک میں تین ارب ڈالر جمع کرانے کا اعلان خوش آئند ہے۔ یہ اقدام پاکستانی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے سعودی کوششوں کا مظہر ہے۔ سعودی عرب نے سال کے دوران ریفائنڈ پٹرولیم مصنوعات کی مد میں 1.2 ارب ڈالر کی مالی اعانت کا بھی اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جدہ میں سعودی عرب اسلامی ممالک اور روسی تعلقات کے حوالے سے عالمی کانفرنس میں شرکت کا موقع ملا۔ سعودی عرب کے مختلف شعبوں میں روس سے تعاون آگے بڑھ رہے ہیں۔ سعودی عرب مختلف مذاہب اور تہذیبوں کے درمیان بقائے باہم اور انسانی اقدار کو فروغ دے رہا ہے۔