لاہور(سپورٹس رپورٹر)چٹاگانگ ٹیسٹ کے تیسرے روز بنگلہ دیش نے دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 39 رنز بنا لیے ہیں اور میزبان ٹیم کی مجموعی برتری 83 رنز کی ہو گئی ہے۔چٹانگ کے ظہور احمد چوہدری سٹیڈیم میں جاری میچ کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو عابد علی 93 اور عبداللہ شفیق 52 رنز کیساتھ وکٹ پر موجود تھے۔تاہم کھیل کے پہلے ہی اوور میں تیج الاسلام نے پہلے عبداللہ شفیق کو ایل بی ڈبلیو کیا اور پھر اگلی ہی گیند پر اظہر علی کو بھی گولڈن ڈک پر پویلین کی راہ دکھا دی۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم بھی 10 رنز بنا کر مہدی حسن میرازکی گیند پر بولڈ ہو گئے۔عابد علی نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنی سنچری مکمل کی، عابد علی 133 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ فواد عالم 8 اور محمد رضوان 5 رنز بنا سکے جبکہ حسن علی بھی 12 رنز کے ہی مہمان ثابت ہوئے۔ فہیم اشرف نے 38 رنز کی اننگز کھیلی۔نعمان علی آٹھ اور ساجد خان پانچ رنز بناسکے۔ شاہین شاہ آفریدی 13 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔تیج الاسلام نے 7 وکٹیں حاصل کیں جبکہ دو وکٹیں عبادت حسین اور ایک مہدی حسن میراز کے حصے میں آئی۔بنگلہ دیشی بلے باز دوسری اننگز میں بھی اپنی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام ثابت ہوئے اور ابتدائی 4 بیٹر صرف 25 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔تیسرے روز کھیل ختم ہوا تو بنگلہ دیش نے 4 وکٹوں پر 39 رنز بنا لیے تھے، مشفیق الرحیم 12 اور یاسر علی 8 رنز کیساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ 3 وکٹیں شاہین شاہ آفریدی نے حاصل کیں جبکہ ایک کھلاڑی کو حسن علی نے شکار بنایا۔ بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 330 رنز سکور کیے تھے، حسن علی نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا جبکہ دو دو وکٹیں شاہین آفریدی اور فہیم اشرف کے حصے میں آئی تھیں۔