لاہور(سپورٹس ڈیسک )انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل وان نے کائونٹی کرکٹ کے دوران ساتھی کھلاڑیوں خاص طور پر عظیم رفیق سے نسلی امتیاز برتے جانے پر معافی مانگ لی ۔ مائیکل وان کانام یارکشائر کائونٹی نسلی امتیاز کے سکینڈ ل میں آیا تھا جس کی وجہ سے انہیں ایشز سیریز کمنٹری پینل سے بھی باہر کر دیا گیا تھا ۔ مائیکل وان نے کہا کہ دلی طور پر بہت رنجیدہ ہوں ‘ساتھی کھلاڑی کے ساتھ ناروا سلوک برتا گیا ‘ایسے کلب میں جس سے بہت پیار کرتا ہوں ۔ میں نے ذمہ داری لی ہے کیونکہ میں یارکشائر کی طرف سے اٹھارہ سال تک کھیلا ہوں ۔اگر کسی بھی شکل میں کسی کی دل آزاری کی ہے تو معافی مانگتا ہوں ۔ میں ذمہ داری قبول کرتا ہوں ۔ میں نے کائونٹی کرکٹ کے دوران کسی سے نسلی امتیاز نہیں برتا ۔ یہ تسلیم کرنا پڑے گا کہ کرکٹ میں نسلی امتیاز رہا ہے ۔ ڈریسنگ روم میں کبھی نسلی امتیاز کے حوالے سے زبان استعمال نہیں کی ۔ کچھ چیزیں سنی ہیں جو قابل قبول نہیں ۔ یارکشائر کی طرف کھیلنا محبت تھی جس میں عظیم رفیق بھی شامل تھے ۔ امید ہے کہ آئندہ سال کمنٹری پینل میں شامل ہونگا۔