فیصل آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ووٹ کو عزت کی باتیں کرنے والے اسے 2،2 ہزار میں خرید رہے ہیں۔ لوگوں کے ضمیر کا سودا کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔ سابق حکومتوں نے کرپشن کو پروان چڑھایا۔ گھروں کیلئے 90 ارب کے قرضے منظور ہو چکے ہیں۔ فیصل آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اطلاعات و نشریات کے وزیر مملکت فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ 30،30 سال حکومت کرنے والوں نے ملک کو قرضوں کی دلدل میں دھکیلا، ماضی کے سیاستدانوں نے ملک کا پیسہ لوٹ کر بیرون ملک جائیدادیں بنائیں۔ وزیراعظم عمران خان ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے کوشاں ہیں۔ فرخ حبیب کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے ایگریکلچر گروتھ کو آگے بڑھایا ہے۔ جب تحریک انصاف اقتدار میں آئی تو ملک قرضوں کی دلدل میں دھنسا ہوا تھا۔ مثبت پالیسیوں نے معیشت کو استحکام کی راہ پر گامزن کر دیا ہے اور ترقی کا خواب جلد پورا ہوگا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان غریب کو گھر بنا کر دے رہے ہیں۔ اپنے محلات نہیں بنا رہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا نے کرونا میں پاکستان کی سمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی کو سراہا، ن لیگ دور میں پاورلومز کو تالے لگ گئے تھے، اب ایکسپورٹس میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔