البراک کے اکثر افسر دفتر سے غائب، شہر میں گندگی کے ڈھیر لگ گئے

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر) آر ڈیلیو ایم سی کی جانب سے شہر کی صفائی کی ذمہ داریاں لینے سے قبل ہی شہر میں گندگی کے ڈھیر لگ گئے، البراک کے اکثر افسر دفتر سے غائب ہو گئے، عملہ صفائی بھی کئی کئی دن کوڑا کرکٹ نہیں اٹھاتے، کئی ملازمین کی جانب سے گریجویٹی اور دیگر الائونسس نہ ملنے کی شکایات بھی سامنے آگئیں، یکم دسمبر سے البراک کی جگہ آر ڈبلیو ایم سی شہر کو صاف رکھنے کی ذمہ داریاں سنبھالنا شروع کر دے گا، اس سے قبل ہی البراک کے اکثر افسر گھروں میں جا کر بیٹھ گئے، آر ڈبلیو ایم سی نے شہر کی صفائی کیلئے اپنی مکمل حکمت عملی تیار کر لی، جن علاقوں میں زیادہ کوڑا کرکٹ ہو گا ڈبل شفٹ لگا کر صفائی کرا دینگے، اس حوالے سے آر ڈیلیو ایم سی کے چیئرمین کر نل (ر )اجمل صابر سے رابطے کرنے پر بتایا کہ البراک کی سکیورٹی کی مد میں ہمارے پاس رقم موجود ہے کسی بھی ملازم کے کوئی بھی واجبات البراک دینے کا پابند ہے اگر الائونس یا دیگر مراعات نہیں دی گئیں تو سکیورٹی کی رقم سے واجبات ادا کر دیئے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ البراک تمام مشینری اور گاڑیاں چالو حالت میں دینے کا پابند ہے ، کسی بھی صفائی ورکر کو بے روزگار نہیں ہونے دیں گے، تمام عملے کو آر ڈبلیو ایم سی میں کام کریں گے، صفائی کی صورتحال پر انہوں نے کہا کہ صفائی کا کام جاری ہے اگر کسی بھی جگہ کی شکایت ہوگی تو اس کو فوری طور پر دور کردیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن