جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے عالمی کوششوں کی ضرورت ہے: اسد قیصر


اسلام آباد(نا مہ نگار) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ جمہوری اقدار کے فروغ اور جمہوریت کے استحکام کیلئے اجتماعی عالمی کوششوں کی ضرورت ہے، مظلوم کشمیری عوام پر بھارت کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی ناقابل فہم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی پی یو کی   143ویں کانفرنس کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو سپین کے شہر میڈریڈ میں جاری ہے۔  اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ یہ کانفرنس ہمارے لیے بہت اہم ہے کیونکہ اس کانفرنس میں عصر حاضر کے چیلنجوں کو زیر بحث لایا گیا ہے جن میں COVID-19وبائی امراض کی وجہ عالمی معیشتوں پر پڑنے والے اثرات سمیت دیگر مسائل کو زیر غور لایا گیا ہے۔ سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ عالمی منظرنامے کے مطابق جمہوری ترقی کے تین واضح نشانات سامنے آتے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ آج کی گلوبلائزڈ دنیا نے تیزی سے جمہوری اقدار اور اصولوں کو اپنایا ہے اور تمام ریاستیں ان کے حجم اور طاقت سے قطع نظر، عالمی حکمرانی کے نظام میں خودمختار مساوات کے حق سے فائدہ اٹھاتی ہیں۔ بات چیت اتفاق رائے اور تعاون ہمارے کثیر الجہتی کام اور عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلاح و بہبود کو فروغ دینا اور انسانی حقوق کا تحفظ سیاسی نظام کی بنیاد ہے۔ آج عوام کے حکومتیں  عوام کے لیے اور عوام کے ذریعے موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج کے جدید دور میں شہری بے حد بااختیار ہو چکے ہیں، نئی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز نے معلومات کے خزانے تک رسائی کو کھول دیا ہے، شفافیت کو فروغ دیا ہے، اور شہری شراکت داری کی نئی راہیں کھول دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان حوصلہ افزا رجحانات نے نئے چیلنجز کو اجاگر کیا ہے۔  تین مخصوص چیلنجوں پر روشنی ڈالتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ پاپولزم میں عالمی اضافے سے جمہوریت کے بنیادی اصولوں کو نقصان پہنچانے کا خطرہ ہے۔

ای پیپر دی نیشن