حضرت محمدؐ دنیا کی کامیاب ترین شخصیت،محمد حسین محنتی 

کراچی(سٹی نیوز) امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ دنیا کے کامیاب ترین انسان نبی آخر الزماں حضرت محمد صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم تھے، دنیا و آخرت کی کامیابی کے لیے وہی ہمارے لیے رول ماڈل ہیں۔ٹیلنٹ اللہ کی نعمت ہے،انسان اپنے آپ کو پہچانے اصل کامیابی آخرت کی کامیابی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہال نواب شاہ میں اسلامی جمعیت طلبہ کے تحت منعقدہ ٹیلنٹ ایوارڈ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ جس میں جمعیت کے کارکنان سمیت طلباء و اساتذہ اور والدین شریک تھے۔ صوبائی امیر نے میٹرک کے پوزیشن ہولڈرز میں شیلڈ بھی تقسیم کیں۔ محمد حسین محنتی نے پوزیشن ہولڈرز طلباء کو مخاطب ہوتے کہاکہ یہ آپ کی محنت کا صلہ نہیں بلکہ اعتراف ہے۔ تعلیم انسان کو انسان اور اس کے مسقبل کو سنوارتی ہے۔ اس کے عقل و شعور اور فراست میں اضافہ ہوتا ہے۔تعلیم سے انسان کی فکر اور دنیا و آخرت بنتی ہے۔ مال و دولت نہیں بلکہ تعلیم سب سے بڑی نعمت ہے۔ دنیا محنت کا ثمر ہے محنت سے ہی جنت و جہنم ملتی ہے۔ محنت کو اپنا نصب العین بنائیں گے تو کامیابی آپ کے قدم چومے گی۔ صوبائی امیر نے ٹیلنٹ ایوارڈ کے انعقاد کے ذریعے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور آگے بڑھنے کا جذبہ ابھارنے پر جمعیت کی تحسین کرتے ہوئے کہاکہ جمعیت روشن مستقبل کی نوید ہے۔ تقریب سے جمعیت پاکستان کے معتمد عام شکیل احمد خان، ناظم صوبہ فیضانِ بھٹی، امیر ضلع سرور احمد قریشی، قیم ضلع سردار احمد ارائیں اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔

ای پیپر دی نیشن