فواد  چوہدری کے خواب میں ہمیشہ چھیچھڑے ہی رہتے ہیں، مرتضیٰ وہاب 

Nov 29, 2021


کراچی (این این آئی) ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی، سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے وفاقی وزیر فواد چودھری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ فواد چودھری کے خواب میں ہمیشہ چھیچھڑے ہی رہتے ہیں دنیا جانتی ہے پی ٹی آئی کس کی بیساکھی کے سہارے کھڑی ہے ورنہ عوام کب کی اس نااہل حکومت کو فارغ کرچکی ہوتی بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ نااہل سرکار کی عوام میں کوئی جڑیں نہیں ہیں پیپلزپارٹی عوامی جماعت ہے جس کی مقبولیت کا اندازہ ملک میں ہونے والے ضمنی انتخابات سے لگایا جاسکتا ہے۔ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت کے ترجمان آخر کب تک اپنی نااہلی کا کیچڑ دوسروں پر ڈالتے رہیں گے ۔ پی ٹی آئی کے ترجمان تسلیم کرلیں آپ کے پیدا کردہ حالات کی وجہ سے آپ کا جانا ٹہر چکا ہے ۔بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ آپ کی نااہلی سے ملکی عوام بدترین مہنگائی کا شکار ہیں کمر توڑ مہنگائی کی وجہ سے غریب دو وقت کی روٹی اور کئی خودکشیوں پر مجبور ہیں وہ دن دور نہیں جب نااہل حکومت کا تختہ گول ہوگا اور پیپلزپارٹی کے اقتدار میں آنے سے ملک میں حقیقی جمہوریت کا راج ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دوسروں پر تنقید کرنے سے بہتر ہے اپنی کارکردگی کو بہتر کرتے لیکن آپ کے نااہل چیئرمین نے میں نہ مانوں کی رٹ لگا رکھی ہے عملی کام کے بجائے صرف دعوے اور جھوٹے وعدے کرکے عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کی جارہی ہے جسکا سلسلہ بہت جلد ختم ہونے والا ہے۔

مزیدخبریں