کابل (یواین پی) افغانستان کے وزیراعظم محمد حسن اخوند نے کہا ہے کہ افغان حکومت دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرے گی اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ جنگ زدہ ملک کی مدد جاری رکھیں۔ ٹی وی سے نشر ہونے والی قوم سے اپنی پہلی تقریر میں طالبان حکومت کے وزیراعظم محمد حسن اخوند نے کہا کہ ہم تمام ممالک کو یقین دلاتے ہیں کہ کسی کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کریں گے اور سب کے ساتھ بہترین معاشی تعلقات رکھنا چاہتے ہیں۔محمد حسن اخوند نے کہا کہ ہم دنیا کے تمام فلاحی اداروں سی مطالبہ کرتے ہیں وہ اپنی امداد معطل نہ کریں۔ اور ہماری جنگ زدہ قوم کی مدد کریں تاکہ لوگوں کے مسائل حل کیے جائیں۔طالبان نے 15 اگست کو افغانستان کی حکومت حاصل کی تھی لیکن اس کے بعد ملک میں موجود تمام غیرملکی واپس چلے گئے تھے اور افغانستان میں معاشی بحران پیدا ہوگیا ہے۔افغانستان میں مہنگائی اور بے روزگاری عروج پر ہے اور بینکنگ کے شعبے کو بھی بحران کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔امریکا نے کابل کے 10 ارب ڈالر کے اثاثے بھی منجمد کر دیے ہیں اور دوسری جانب عالمی بینک اور عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) نے بھی فنڈ تک افغانستان کی رسائی معطل کردی ہے۔