کراچی (نوائے وقت رپورٹ، آئی این پی، اے پی پی، نیٹ نیوز) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے سندھ حکومت کے لائے گئے بلدیاتی ترمیمی بل کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کردیا۔ ڈپٹی کنوینر وسیم اختر نے کہاکہ واٹر بورڈ، کے ڈی اے، بلدیہ کے پاس ہونا چاہیے لیکن بلدیاتی بل میں ترمیم سے آئین کی دھجیاں اڑائی گئیں۔ انہوں نے بلدیاتی ترمیمی بل کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کیا اور احتجاج کا بھی فیصلہ کیا۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سندھ اسمبلی میں سندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2021 کثرت رائے سے منظور کیا گیا تھا۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات اسد عمرنے سندھ کے بلدیاتی نظام کو عوام کے ساتھ دھوکہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے ساتھ ناانصافی ہورہی ہے ،اس کے خلاف تحریک چلائیں گے، نئے بلدیاتی نظام میں رہے سہے اختیارات بھی چھین لیے گئے، مردم شماری پانچ سال کے وقفہ سے کرانے کا فیصلہ کیا ہے، نئی مردم شماری ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ہوگی، کراچی کو اس کا حق دلائیں گے، وزیراعظم عمران خان دسمبر میں کراچی کے پہلے جدید بس منصوبے گرین لائن کا افتتاح کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک انصاف ضلع وسطی کے تحت حیدری میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں جعلی مقامی حکومت کے لیے بلدیاتی نظام کا اعلان کیا گیا، گرین لائن بس منصوبے پر دس بارہ روزکا کام باقی ہے۔ دسمبر میں وزیراعظم عمران خان کراچی میں منصوبے کا افتتاح کریں گے ۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ سندھ حکومت اسمبلی میں من مانا قانون پاس کرا لیتی ہے۔ مراد علی شاہ چاہتے ہیں سندھ پولیس کا وفاق سے کوئی تعلق نہ ہو۔ صوبے اپنے ادارے بنائیں گے تو وفاق کی کیا ضرورت ہے۔ سندھ حکومت کو غیر ذمہ دارانہ اقدامات سے اجتناب کرنا چاہیے۔
سندھ بلد یاتی بل دھوکہ ، تحریک چلائینگے، اسد عمر، ایم کیو ایم کا عدالت جانے کا ا علان
Nov 29, 2021