افر یقی وائرس آسٹر یلیا بھی پہنچ گیا، بر طانیہ میں تیسرا کیس

اسلام آباد، واشنگٹن، لندن (نامہ نگار+ آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے باعث خیبر پی کے کے بعد پنجاب میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئیں۔ ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے5 اموات ہوئیں۔ جن میں سے 1 مریض وینٹی لیٹر پر جاں بحق ہوا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی طرف سے جاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں303  افراد کے کووڈ۔19 ٹیسٹ مثبت آئے۔ دنیا بھر میں نوول کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 26 کروڑ 10لاکھ 66ہزار 272 ہوگئی۔ امریکہ 4کروڑ82 لاکھ 2ہزار 463مصدقہ کیسز کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ بھارت 3کروڑ 45لاکھ 63ہزار 749مصدقہ کیسز کے ساتھ دوسرے اور برازیل 2کروڑ 20لاکھ 76ہزار863  مصدقہ کیسز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ برطانیہ میں مصدقہ کیسز کی تعداد 1کروڑ 1لاکھ 65ہزار 779 ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے کرونا کی نئی قسم اومی کرون کو تشویشناک قرار د یتے ہوئے کہا ہے کہ نئی قسم اومی کرون کی خصوصیات پریشان کن ہیں۔ امریکہ میں بھی اومی کرون کے کیسز ہو سکتے ہیں۔  ڈبلیو ایچ او نے  اس حوالے سے مزید کہا ہے کہ کئی ہفتے بعد پتہ چلے گا کہ موجودہ ویکسینز اومی کرون کے خلاف کس قدر موثر ہیں۔ ابتدائی شواہد سے پتہ چلا ہے کہ اس نئی قسم میں ری انفیکشن کا خطرہ دیگر اقسام سے زیادہ ہے۔دوسری جانب یورپی یونین کے ڈرگ ریگولیٹرزکا کہنا ہے کہ وہ نئی قسم کا جائزہ لے رہے ہیں۔ یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ اومی کرون کے لیے نئی ویکسین کی ضرورت ہے یا نہیں۔ سیکرٹری صحت سندھ ذوالفقار علی شاہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ویکسی نیشن کرنے والے تمام افراد بطور بوسٹر فائزر ویکسین لگوا سکیں گے فیصلہ حتمی طور پر کر لیا گیا ہے۔ جنوبی افریقا میڈیکل ایسوسی ایشن کی سربراہ ڈاکٹر اینجیلک کوئیٹزی کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی نئی قسم ’اومی کرون‘ سے متاثرہ مریضوں میں معمولی علامات ہیں اور وہ ہسپتال میں داخل ہوئے بغیر صحت یاب ہو رہے ہیں۔ ڈاکٹرکوئیٹزی کا کہنا تھا کہ بیشترمریض 40 سال سے کم عمر تھے اور ان میں سے نصف افراد غیر ویکسین شدہ تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ مریضوں میں پٹھوں کے درد، گلے کی خراش، خشک کھانسی اور بخار کی علامات تھیں۔ اسرائیل نے ملک میں کرونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون سے متاثرہ ہونے والے پہلے مریض کی تشخیص کے بعد اگلے 14 دن کے لئے ملک میں غیرملکیوں کی آمد پر پابندی کا اعلان کردیا ہے۔ برطانیہ میں کرونا وائرس کا تیسرا کیس سامنے آ گیا۔  جنوبی افریقا سے سر اٹھانے والا وائرس برطانیہ، جرمنی، بیلجیم، اٹلی اور چیک ری پبلک کے بعد آسٹریلیا پہنچ گیا۔ رپورٹس کے مطابق جنوبی افریقا سے سڈنی آنے والے 2 مسافروں میں وائرس کی تصدیق ہوئی غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے عوامی مقامات اور سفر کے دوران ماسک کا استعمال لازمی قرار دے دیا۔ جبکہ  سعودی عرب نے مزید 7 افریقی ملکوں پر سفری پابندیاں لگا دیں۔ موریشس جمہوریہ مالا، زامبیا، مڈغاسکر، انگولا، جمہوریہ سیشیلز شامل ہیں۔ مراکش نے تمام بین الاقوامی پروازوں کے داخلے پر دو ہفتوں کی پابندی لگا دی۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...