اسلام آباد‘جہلم، پنڈ دادنخان (خبر نگار خصوصی، اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات چودھری فواد حسین نے کہا ہے کہ صرف عمران خان لیڈر ہے باقی سب بونے ہیں۔ سیاست مریم نواز کے بس کی بات نہیں۔ کیا ووٹر خریدنا ووٹ کو عزت دینا ہے؟۔ وہ گزشتہ روز جہلم، پنڈ دادنخان میں جلسوں سے خطاب کر رہے تھے۔ تفصیل کے مطابق پنڈ دادنخان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ن لیگ لوگوں کو لالچ دے کر الیکشن لڑتی ہے۔ ووٹر کو ہزار، 2 ہزار میں خریدنا ووٹ کو عزت دینا ہے؟۔ ای وی ایم سے ن لیگ اور پیپلزپارٹی گھبرا جاتی ہے۔ ان کا انتخابی طریقہ دھاندلی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں عمران خان کے علاوہ کوئی لیڈر نہیں، ان کے علاوہ باقی سب بونے ہیں۔ وزیر اعظم کی آواز پورے ملک میں جاتی ہے اور پورے ملک میں ان کا ووٹ بینک ہے۔ جہلم میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری کا کنا تھا کہ ن لیگ اداروں کو بلیک میل کر رہی ہے، بعد میں پتہ چلتا ہے یہ ساری ویڈیوز جعلی تھیں۔ مریم نواز نے کہا کہ میری لندن میں تو کیا پاکستان میں بھی کوئی پراپرٹی نہیں، بعد میں پتہ چلا کہ مریم نواز کی لندن میں بھی اربوں روپے کی پراپرٹی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے ن لیگ کو سیاست چھوڑ کر فلمیں بنانے کا مشورہ دیا اور کہا کہ جب بھی نواز شریف اور مریم نواز کا کیس لگتا ہے لیکس آ جاتی ہیں۔ رسیدیں دیں یا پھر جیل جائیں اس کے علاوہ کوئی راستہ نہیں۔ فواد حسین نے اتوار کو جلال پور ایری گیشن کینال فیز III پراجیکٹ کا دورہ کیا اور منصوبے پر جاری کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے گزشتہ روز ٹوبہ تحصیل پنڈ دادنخان میں ٹراما سنٹر کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس میں نیورو سرجن، آرتھو پیڈک سرجن اور جنرل سرجنز کی خدمات میسر ہونگی۔