کابل (نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی) افغان وزیراعظم ملا محمد حسن اخوند نے کہا امارات اسلامی کسی بھی ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرے گی۔ عالمی برادری کے ساتھ اچھے اور معاشی تعلقات قائم کرنا چا ہتے ہیں۔ عالمی برادری انسانی بنیادوں پر افغانستان کی امداد جاری رکھے۔ اگر افغان مرکزی بنک کے اثاثے بحال کر دئیے جائیں تو ہماری معاشی مشکلات ختم ہو جائیں گی۔ پہلی بار عوام سے خطاب کیا جس میں انہوں نے طالبان امریکہ لڑائی، ملک میں سکیورٹی کی صورتحال سمیت عالمی برادری سے تعلقات پر بات چیت کی۔ ملا محمد حسن اخوند نے کہا طالبان نے اپنے تمام وعدے پورے کیے ہیں۔ معاشی صورتحال پر کہا کہ افغانستان میں اسلامی امارات کی حکومت سے پہلے بھی معاشی مسائل تھے۔ امارات اسلامی نے خواتین کو ان کے حقوق دیئے ہیں اور ہم لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق معاملات مزید بہترکر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ رپورٹس ملی ہیں کہ کچھ لوگ گھروں میں گھس کر امن و امان کی صورتحال خراب کر رہے ہیں۔ ایسے افراد کا امارات اسلامی سے کوئی تعلق نہیں ہے لہٰذا متعلقہ حکام ان واقعات کا نوٹس لیں۔ طالبان حکومت نے سابق سرکاری حکام اور سیاستدانوں کو وطن واپس آنے کی پیشکش کر دی۔ طالبان نائب وزیر خارجہ عباس شانکزئی نے کہا سابق افغان حکام کو افغانستان کے شہریوں کے طور پر ملک میں رہنے کا حق ہے۔ سیاستدان بھی وطن واپس آ سکتے ہیں۔
اثاثے بحال کریں، کسی ملک کے معاملات میں مداخلت نہیں کرینگے: افغان وزیراعظم
Nov 29, 2021