کا بینہ میں کرپٹ عناصر کی گنجائش نہیں ، بلا امتیاز احتساب ہو گا: وزیر اعظم آزاد کشمیر

Nov 29, 2021

اسلام آباد (انٹرویو۔اعظم گِل) وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی نے کہا ہے کہ میری کابینہ میں کرپٹ عناصر کی کوئی گنجائش نہیں، کرپشن ختم کئے بغیر ترقی ممکن نہیں، وزراء کو کارکردگی دکھانے کے لیے 6 ماہ کا وقت دینگے۔ نوائے وقت کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول کے مسائل کا بخوبی ادراک ہے۔ لائن آف کنٹرول پر بنیادی مراکز صحت اور ایمبولینس جلد پہنچا دیں گے۔ بلدیاتی انتخابات میں 25 فیصد کوٹہ نوجوانوں اور خواتین کے لیے مختص کیا ہے۔ مزید کہا کہ وزیر اعظم بننے کے بعد ایوان وزیراعظم کے اخراجات میں نمایاں کمی کی، ماضی کی حکومت نے وزیراعظم آفس میں صرف تین ماہ میں 2 کروڑ 93 لاکھ کی خطیر رقم خرچ کی جبکہ اسکے مقابلے میں ہم نے تین ماہ میں صرف 92 لاکھ خرچ کیے، وزیراعظم آزاد کشمیر نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے سٹیٹس کو کو توڑا ہے جو ان کی بہت بڑی کامیابی ہے۔ آزاد کشمیر کو کرپشن سے پاک اور خوشحال ریاست بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام وزیراعظم پاکستان کواپنا محسن سمجھتے ہیں۔ عمران خان نے جس انداز میں تحریک آزاد ی کشمیر کو اجاگر کیا اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔احتسابی عمل کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ احتساب سب کا بلا امتیاز ہوگا کوئی بھی قانون سے بالا تر نہیں اور نا ہی کوئی مقدس گائے ہے۔ وزیراعظم نے کہا ہے آزاد کشمیر کی عوام کے لیے خوشخبری ہے کہ ہم ایوان وزیراعظم مظفرآباد کی نئی عمارت کو کشمیر انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کیلئے مختص کر رہے۔ بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے ہم نے اپنا ہوم ورک مکمل کر لیا ہے۔ بلدیاتی انتخابات متناسب نمائندگی کی بنیاد پر ہونگے۔ آزادجموں و کشمیر میں بلدیاتی نظام اپنا نظام ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے دو ہفتوں میں بارہ سو افراد صرف ایجوکیشن میں بھرتی کئے اور انہیں مستقل کر دیا پانچ ہزار کے قریب افراد کو راتوں رات مستقل کیا۔ تحریک انصاف آزاد کشمیر میں اختلافات سے متعلق سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ تحریک انصاف آزاد کشمیر میں کسی قسم کی کوئی تقسیم نہیں سب متحد ہیں۔

مزیدخبریں