چٹاگانگ ٹیسٹ کے چوتھے روز بنگلہ دیش کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 157 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی ہے ۔ پہلی اننگز میں میزبان ٹیم کو 44 کی برتری حاصل تھی۔ پاکستان کو فتح کے لیے 202 رنز درکار ہیں۔ چٹاگانگ میں کھیلے جا رہے ہیں پہلے ٹیسٹ میچ میں چوتھے دن جب بنگلادیش نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز 39 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے کیا تو ٹیم ابتدا میں مشکلات کا شکار ہوئی ۔بنگلادیش کی پانچویں وکٹ 43 رنز پر گری، آؤٹ ہونے والے کھلاڑی مشفیق الرحیم تھے جنہوں نے 16 رنز بنائے جبکہ میزبان ٹیم کی چھٹی وکٹ مہدی حسن کی شکل میں 115رنز پر گری، وہ 11 رنز بناسکے۔میزبان ٹیم کی ساتویں وکٹ یاسر علی کی جگہ کنکشن قانون کے تحت آنے والے کھلاڑی نورالحسن کی گری، جنہوں نے 15 رنز بنائے۔ لٹن داس آؤٹ ہونے والے بنگلہ دیش کے 8 ویں کھلاڑی تھے ۔ وہ 157 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ بنگلہ دیش کی نویں وکٹ بھی 157 رنز پر گری ۔ ابوجاوید کوئی رنز بنائے بغیر آؤٹ ہوئے۔ بنگلہ دیش کی 10 وکٹ بھی 157 رنز پر گری۔ اس طرح بنگلہ دیش نے پاکستان کو فتح کے لیے 202 رنز کا ہدف دے دیا۔ پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی نے پانچ ، حسن علی نے 2 اور ساجد خان نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔