اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) جنرل سید عاصم منیر پاک فوج کے سترھویں سربراہ کے طور پر آج اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ جنرل سید عاصم منیر ’’تبدیلی کمان‘‘ کی تقریب میں شرکت کے لئے آنے سے قبل فور سٹار جنرل کے شولڈر رینکس اور کالر میڈل لگا کر پاکستان آرمی کے 17ویں چیف آف آرمی سٹاف کا عہدہ سنبھالیں گے۔ اس کے بعد جی ایچ کیو کے ہاکی گرائونڈ میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ آرمی کمان کی علامت ’’ملاکا سٹک‘‘ نئے حافظ قرآن اور اعزازی شمشیر یافتہ جنرل سید عاصم منیر کو سونپ دیں گے اور خود تقریب گاہ سے اپنی رہائش گاہ واپس چلے جائیں گے۔ اس چھڑی کو فوج میں کمانڈ کی علامت سمجھا جاتا ہے اور پاک فوج میں ہر نئے آرمی چیف کو ملاکا چھڑی دینے کی روایت برطانوی دور سے چلی آ رہی ہے۔تقریب میں تمام مسلح افواج کے سربراہان، اعلی سول، فوجی افسران شریک ہونگے، پروقار تقریب میں وفاقی وزرا، سفارتکار اور صحافی شرکت کریں گے۔ کمانڈ سٹک1 اسٹار یعنی بریگیڈیئر کے عہدے کے افسران کو سونپی جاتی ہے۔ یہ سٹک افسران کو پرانے افسران کی جانب سے دی جاتی ہے۔ پرانے افسران آنے والے نئے افسر کو یہ چھڑی سونپ کر خود نئی چھڑی تھامے نئے عہدے پر ترقی کر جاتا ہے اور یہ سلسلہ آرمی چیف پر جا کر ختم ہوتا ہے۔
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ نمائندہ خصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پیر کو یہاں الوداعی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے جنرل قمر جاوید باجوہ کی پاک فوج ، ملکی دفاع اور قومی مفادات کے لئے خدمات کو سراہا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم نے جیواکنامکس کی اہمیت کے حوالے سے جنرل قمر جاوید باجوہ کے کردار کو سراہا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ فیٹف کی گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکلوانے، کرونا وبا اور سیلاب سمیت مختلف بحرانوں میں جنرل قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں پاک فوج نے مثالی خدمات انجام دی ہیں، دہشت گردی کے عفریت کو کچلنے کے لئے جنرل قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں پاک فوج نے بڑی شجاعت و بہادری سے کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے تاریخ کے ایک مشکل مرحلے پر پاک فوج کی قیادت کی، دفاع پاکستان کو ناقابل تسخیر بنانے میں جنرل قمر جاوید باجوہ نے کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیچیدہ علاقائی صورتحال میں جنرل قمر جاوید باجوہ کے قائدانہ کردار سے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں سمت کا تعین ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو معاشی قوت بنانے کے لئے تمام سیاسی قوتوں کو میثاق معیشت پر دستخط کرکے اجتماعی دانش کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ وزیراعظم نے آرمی چیف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو دنیا کی بہترین فوج کی قیادت کا باعث فخر اعزاز حاصل ہوا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قومی امور کی انجام دہی میں بھرپور تعاون پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جنرل قمر جاوید باجوہ کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا ۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے سرکاری امور کی انجام دہی میں بھرپور تعاون پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ مزید برآں جنرل باجوہ نے صدر علوی سے بھی الوداعی ملاقات کی، صدرنے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، صدر مملکت کی جانب سے جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملک اور پاک فوج کے لیے خدمات کی تعریف کی گئی۔ انہوں نے ریٹائر ہونے والے آرمی چیف کی دفاعی شعبے میں خدمات کو سراہا۔