لاہور ( سپورٹس رپورٹر) پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام منعقد ہونیوالی 67 ویں نیشنل ٹریک سائیکلنگ میں مینز اور ویمنز کا ٹائٹل پاکستان واپڈا نے جیت لیا۔ مردوں میں خیبر پی کے جبکہ خواتین میں پنجاب نے رنر اپ پوزیشن اپنے نام کی۔ مردوں میں عاقب شاہ اور خواتین میں راجیہ شبیر بہترین سائیکلسٹ قرار پائیں۔ نشتر سپورٹس کمپلیکس لاہور میں منعقدہ چیمپئن شپ کے آخری روز بھی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے میں آئے۔ تین روزہ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 9 ٹیموں نے حصہ لیا، مینز ایلیٹ کیٹگری میں پاکستان واپڈا نے 90 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔ خیبر پی کے نے دوسری جبکہ پنجاب نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ بلوچستان چوتھے، پی او ایف واہ پانچویں جبکہ سندھ چھٹے نمبر پر رہا۔ پاکستان واپڈا کے عاقب شاہ چار گولڈ میڈل کے ساتھ چیمپیئن شپ کے بہترین مرد سائیکلسٹ قرار پائے۔ خواتین ایلیٹ میں پاکستان واپڈا نے پہلی، پنجاب نے دوسری، کے پی کے نے تیسری جبکہ گلگت بلتستان نے چوتھی پوزیشن اپنے نام کی۔ خواتین میں پاکستان واپڈا کی راجیہ شبیر چیمپئن شپ کی بہترین سائیکلسٹ قرار پائیں۔ جونیئر کیٹگری میں بائیکستان کے عدنان عزیز اور ویمنز جونیئر میں فاطمہ چیمپئن قرار پائیں۔پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر سید اظہر علی شاہ، سیکرٹری معظم خان، کرنل (ر) آصف ڈار اور سپیشل اولمپکس کے انیس شیخ نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔