غزہ؍ نیو یارک (اے پی پی+ آئی این پی) اقوام متحدہ نے اسرائیل فلسطین تنازعہ کے دو ریاستی حل کے لیے عالمی ادارے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تمام فریقین سے کشیدگی کو کم کرنے کی اپیل کی ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا عالمی دن مناتے ہوئے کہا جاری قبضے، یہودی آباد کاروں کی بستیوں میں توسیع، فلسطینیوں کے گھروں کو مسمار کرنا اور فلسطینی عوام میں مایوسی اور ناامیدی کو بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے فلسطینیوں کے حالات زندگی کو بہتر بنانے کے لیے اپنے مطالبے کا اعادہ کیا۔ ادھر قابض صہیونی فوج نے مسجد الاقصیٰ کے صحنوں پر دھاوا بول دیا اور القبلی کے نماز گاہ کو گھیرے میں لے کر اس کے ایک دروازے کو زنجیروں سے بند کر دیا۔ بعد ازاں یہودی آباد کاروں کی بڑی تعداد نے اسرائیلی پولیس اور فوج کی فول پروف سکیورٹی میں مسجد اقصیٰ پر دھاوا بولا۔ فلسطینیوں کی بڑی تعداد قبلہ اول میں موجود تھی۔ انہوں نے اسرائیلی فوج کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ فلسطینی نمازیوں کے’اللہ اکبر‘ کے فلک شگاف نعروں سے قبلہ اول کی فضا گونج اٹھی۔ صیہونی حکومت پر ایک اور سائبر اٹیک ہوا ہے اور اس بار فلسطین پر قابض اس حکومت کے مرکزی ریلوے نظام کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ سائبر حملے میں ریلوے کے مرکزی نظام کے ساتھ ساتھ کئی دیگر ویب سائٹس کو بھی ہیک کر لیا گیا۔ اسرائیلی اخبار یدیعوت احارونوت نے رپورٹ دی ہے کہ بلیک میجک نامی ہیکرز کے ایک گروپ نے صیہونی حکومت کی کئی ویب سائٹوں پر ہاتھ صاف کیا۔ مقبوضہ بیت المقدس میں دھماکے میں زخمی ہونے والا اسرائیلی شہری تین دن بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔