اسلام آباد؍ بیجنگ (نیٹ نیوز+آئی این پی) ملک بھر میں کرونا کے مزید 28 کیسز مثبت، مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 783 کرونا ٹیسٹ کئے گئے۔ 24 گھنٹوں میں مثبت کرونا ٹیسٹ کی شرح 0.48 فیصد رہی ہے، مزید برآں اس دوران کرونا وائرس سے کوئی بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا۔ چین میں کووڈ 19 کے کیسز ریکارڈ سطح پر پہنچنے کے ساتھ ساتھ بیماری کی روک تھام کے لیے نافذ کی گئی پابندیوں کے خلاف مختلف شہروں میں لوگوں کا احتجاج شدت اختیار کرگیا ہے۔ نیشنل ہیلتھ کمشن کے مطابق 28 نومبر کو کووڈ کے 40 ہزار 52 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 36 ہزار 304 کیسز بغیر علامات والے مریضوں کے ہیں۔ یہ کرونا وائرس کی وبا کے آغاز سے اب تک کسی ایک دن میں چین میں رپورٹ ہونے والے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔ اس کے بعد یہ احتجاج دیگر شہروں بشمول بیجنگ، شنگھائی، ووہان اور چنگڈو تک پھیل گیا تھا جس میں لاک ڈاؤن کے خاتمے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ لوگوں کے احتجاج کے بعد ارومچی، بیجنگ اور گوانگزو میں کچھ پابندیوں کو نرم کیا گیا ہے۔ بیجنگ انتظامیہ نے کہا ہے کہ زیادہ خطرے والے علاقوں میں گھروں اور عمارات کا تعین کیا جائے گا اور مظاہرین کو کہا گیا ہے کہ وہ اہم راستوں کو بلاک نہ کریں۔ احتجاج کے دوران 27 نومبر کو برطانوی نشریاتی ادارے کے صحافی کو بھی چند گھنٹوں کے لیے حراست میں لیا گیا تھا اور اس پر برطانوی وزیراعظم رشی سونک کے ترجمان نے بیان جاری کیا ہے۔
چین:ریکارڈ 40ہزار کرونا کیسز، لاک ڈوئون کیخلاف مظاہروں میں شدت
Nov 29, 2022