لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں سیاست دانوں کے نام پر مافیاز، پارٹیوں کی صورت میں گینگ اور جتھے سرگرم ہیں۔ باریاں لگی ہوئی ہیں، عوام کی کسی کو پروا نہیں۔ سود خوروں سے توقع نہیں کہ وہ سودی نظام ختم کریں گے۔ وفاقی و صوبائی حکومتوں کی لڑائی ذاتی مفادات کے لیے ہے۔ دونوں اطراف پولیس اور سرکاری وسائل اپنے اقتدار کے دوام کے لیے استعمال کر رہی ہیں۔ حکمران جماعتوں کے پاس بہتری کا کوئی ایجنڈا نہیں، انہوں نے سالہا سال حکومت کی اور ملک کو اندھیروں میں دھکیلا۔ غربت، بے روزگاری اور بدامنی کی وجہ حکمران ہیں۔ جن کے پاس دکھانے کو پرفارمنس نہیں بس جھوٹے وعدوں اور دعووں پر عوام کو بے وقوف بنانا ان کا مقصد ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں معاشی ماہرین سے ملاقات اور راولپنڈی میں شاہ ہمدان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ ملک ساڑھے 62کھرب سے زائد کا مقروض ہے، روزانہ کی بنیادوں پر 23ارب روپے قرضہ لیا جا رہا ہے جس کا بڑا حصہ حکمرانوں کے پروٹوکول پر خرچ ہوتا ہے۔ حکمران قرض لے کر کرپشن کرتے ہیں اور بعد میں اس لوٹی ہوئی دولت سے بیرون ملک اثاثے بنائے جاتے ہیں۔ احتساب کے نام پر سیاسی کھیل جا ری ہے، ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی کا تصور تک نہیں، طاقتور سسٹم کو آنکھیں دکھاتا ہے اور غریب کی گردن دبوچ لی جاتی ہے۔ خاندانوں کی بادشاہت قائم ہے اور مافیاز راج کر رہے ہیں۔ قومی کو تقسیم کرو اور اقتدار پر قابض رہو کا کھیل مزید نہیں چل سکتا۔