لاہور (نوائے وقت رپورٹ) ترجمان حکومت پنجاب مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں کنٹرولڈ میڈیا کی وجہ سے آئین کی حکمرانی کا خواب ادھورا ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی سکول آف کمیونیکیشن سٹڈیز کے شعبہ کمیونیکیشن اینڈ میڈیا ریسرچ کے زیر اہتمام مولانا ظفر علی خان چیئر اور پی یو ویب ٹی وی کے اشتراک سے ’سماجی و سیاسی ترقی میں میڈیا کے کردار‘ پر کھرانہ آڈیٹوریم سکول آف کیمسٹری میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہی تھیں۔ اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف انفارمیشن اینڈ میڈیا سٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، ڈائریکٹر سکول آف کمیونیکیشن سٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر نوشینہ سلیم، تجزیہ کار اوریا مقبول جان، ایگزیکٹو ایڈیٹر ترکیہ اردو محمد حسان، پروفیسر ڈاکٹر میاں حنان احمد، سینئر فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں میڈیا کا کردارتعمیری سے زیادہ تنقیدی ہے۔ اوریا مقبول جان نے کہا کہ دنیا بھر میں 97فیصد میڈیا پر پانچ کمپنیوں کا راج ہے۔ محمد حسان نے کہا کہ نوجوانوں کو ٹیکنالوجی کا استعمال اپنے ہاتھ میں لے کر مغربی ایجنڈے کا مقابلہ کرنا چاہیے۔ خالد محمود نے کہا کہ سوشل میڈیا نے سیاسی، سماجی اور معاشی طرز زندگی کو بدل کر رکھ دیا ہے۔ ڈاکٹر نوشینہ سلیم نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے طلباء باصلاحیت ہیں جو پاکستان کے مثبت پہلوؤں کو اجاگر کرنے کیلئے بھرپورکردار ادا کر رہے ہیں۔