لاہور(خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک یارسول اللہ کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہاہے کہ سید اور حافظ سپہ سالار کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ سنیارٹی کی بنیاد پر سپہ سالار کے تقرر پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔ حافظ اور سید آرمی چیف سے فوج کے ایمان، تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ والے شعار کو اجاگر کرنے کی توقع کی جارہی ہے۔ امید ہے کہ نئے آرمی چیف سید محمد عاصم منیر فوج کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے جامع پالیسی بنائیں گے۔ جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کیلئے نظریاتی سرحدوں کا تحفظ ناگزیر ہے۔ نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کیلئے نظریہ پاکستان کا تحفظ ضروری ہے۔ نظریہ پاکستان کے تحفظ کا دار و مدار نظریہ اسلام پر ہے جس کیلئے عقیدہ ختم نبوت کا دفاع لازمی ہے۔ عسکری عہدوں پر میرٹ کی بنیاد پر تقرر سے بلیم گیم کی سیاست دم توڑ گئی ہے۔ نہ سیاسی جماعتوں کی طرف سے فوج جیسے ادارے کو سیاست میں گھسیٹنا جائز ہے اور نہ ہی فوج کی سیاست میں بے جا مداخلت ملک کے مفاد میں ہے۔ حزب اقتدار اور اور حزب اختلاف کو اپنی بالغ نظری اور حب الوطنی کا ثبوت دیتے ہوئے ملکی مسائل خود حل کرنے چاہئیں اور ملک میں فوج کی مداخلت کے حالات نہیں بنانے چاہئیں۔