لاہور(نامہ نگار)انویسٹی گیشن پولیس نصیر آباد نے مالک کے گھر سے 24 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات چوری کرنیوالی سابق گھریلو ملازمہ کو ساتھی سمیت ملتان سے گرفتارکرلیا ۔گرفتار ملزمان میں گھریلو ملازمہ صدف اور اس کا کزن عباس شامل ہیں ۔ملزمہ نے کزن کے ساتھ مل کر اپنے سابق مالک کے گھر سے 24 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات چرائے تھے۔ملزمہ صدف ایک سال قبل اس گھر سے کام چھوڑ کر چلی گئی تھی اور وہ گھر کی بھیدی تھی۔پولیس نے ملزمان کو ملتان سے گرفتار کر کے چوری کئے گئے طلائی زیورات برآمد کر لیے ہیں ۔ایس پی انویسٹی گیشن ماڈل ٹاؤن زوہیب نصراللہ رانجھانے کہا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کی طرف سے نصیر آباد پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان کیا گیا ہے۔