لاہور(لیڈی رپورٹر) سودی معیشت ایک ناسور ہے جس نے تباہی کے سوا ملک کو کچھ نہیں دیا۔ ملک و قوم کی ترقی کے لئے سودی نظام معیشت کا مکمل خاتمہ کرنا ہوگا کیونکہ سودی نظام ہی تمام ملکی مسائل کی جڑ ہے۔ان خیالات کا اظہارحلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی،صدر وسطی پنجاب ربعیہ طارق نے کیا ۔انہوں نے کہا کہ اگر ایمانداری سے جائزہ لیا جائے تو امریکہ سمیت تمام ملک سودی نظام معیشت کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔ پوری دنیا میں مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے۔ آئی ایم ایف سے قرضہ حاصل کرنے کیلئے ہر دور حکومت میں حکمرانوں نے اپنی اپنی بساط کے مطابق سودی نظام معیشت کا طوق غلامی اپنے گلے میں ڈالے رکھا۔ وفاقی شرعی عدالت نے یکم جون 2012 سے سود لینے سے متعلق تمام قانونی طریقوں کو غیر شرعی قرار دے دیا ہے۔ مزید براں وفاقی شرعی عدالت نے بینکوں اور دیگر مالیاتی اداروں کے ساتھ لین دین کو بھی سود سے پاک بنانے کا حکم دیا ہے۔