اسلام آ باد (خبرنگار)لوک ورثہ کے زیر اہتمام جاری "لوک میلہ" میں عوام اور بچوں کے لیے کئی دیگر خصوصیات کے علاوہ ہنرمندوں کی نمائش ایک خاص کشش ہے۔ فنون، دستکاری اور جدت طرازی میں اپنی تخلیقی صلاحیتوںکو بروئے کار لاتے ہوئے فنکارانہ طور پر ڈیزائن کیے گے ثقافتی پویلینز میں پانچ سو سے زائد دستکار اپنے کام کا فعال طور پر مظاہرہ کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ وہ اپنی منفرد کاریگری سے دیکھنے والوں کو مسحور کر رہے ہیں نمائش میں موجود دستکاریوں میں کڑھائی (جن میں ملتانی، بہاولپوری، ہزارہ، سوات، بلوچی اور سندھی کڑھائی شامل ہیں) بلاک پرینٹنگ، لیکر ورک، کھسہ سازی، مٹی کے برتن، ٹائی ڈائی، گڑیا سازی، کھدر، ٹرک آرٹ، لکڑی کی نقاشی، لکڑی کا کام، پیپر ماشی، نمدا اور گبہ، دھاتی کام، شال کی بنائی، زری کا کام، موتی کاری، قالین، کچی مٹی کے برتن، اجرک ،نگ، پھتر کا کام، لکڑی کے چمچ بنانا، پٹو بنانا اور بہت سی دوسری دستکاریاں شامل ہیں۔ لوک ورثہ پاکستانی ثقافت کو اجاگر کرنے والا ایک اہم ادارہ ہونے کے ناطے صنفی مساوات کی ضرورت سے بخوبی آگاہ ہے جو وقتا فوقتا منعقد ہونے والے ہر پروگرام میں نظر آتی ہے کیونکہ اس طرح سے مرد اور خوتین دونوں ہنر مندوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مساوی مواقع ملتے ہیں اور اس سے پہنچان حاصل کرتے ہیں۔ اس میلے میں بھی کئی خواتین ہنر مندوں کو اپنے فن کی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے ان میں سب سے نمایاں کنیزفاطمہ اور شکر بی بی ہیں جن کا تعلق بلوچستان سے ہے جو بلوچی کڑھائی کا کام کرتی ہیں اور اپنیخاندان کی صدیوں پرانی روایت کو آگے بڑھا رہی ہیں اور اپنی ذندگی کے کئی سال اس پیشے کے لیے وقف کر دیے ہیں ۔ بدین سندھ سے تعلق رکھنے والی ایک اور کاریگر پری بی بی "فراسی" (روائتی قالین) بنا ررہی ہیں وہ 70 سالہ کاریگر ہیں جو بچپن سے ہی بنائی کے فن میں مہارت رکھتی ہیں۔اس میلے میں مرد کاریگر بھی اپنے فن کا مظاہرہ کرنے میں کسی سے کم نہیں۔ خیبرپختونخواہ سے محمد وسیم لیکر کے کام کی شاندار نمائش کر رہے ہیں۔ ان کے والد بھی لیکر آرٹ کے ایک ماہر دستکار تھے جنہوں نے اپنی صلاحیتوں کے اعتراف میں ایوارڈ برائے حسن کارکردگی حاصل کیا۔امیر بخش کہروڑ پکہ کے بلاک پرینٹنگ کے ماہر ہیں۔ انہوں نے نہ صرف اپنے خاندان کے افراد کو اس ہنر میں تربیت دی بلکہ بہت سے نوجوانوںکو ٹیکسٹائل کی دیگر دستکاریوں کی تربیت بھی دی ہے۔ بہاولپور سے تعلق رکھنے والی حاجرہ بی بی ٹوکری بنانے کی ماہر دستکارہ ہیں وہ رنگین ٹوکریاں چنگیر بناتی ہیں۔ پاکستان اپنے بھرپور اور متنوع ورثے کے ساتھ9000 سال سے زائد پرانی دستکاری کے فن کی روایت رکھتا ہے جو بلوچستان میں مہرگڑھ تہذیب سے پرانا ہے۔ جب مٹی کے برتنوں کی تیاری کے ابتدائی شواہد سامنے آتے ہیں۔ لوک میلہ میں شائقین کا جوش و ولولہ دیدنی ہے۔ روزانہ بڑی تعداد میں لوگ میلے کی رونقوں کا حصہ بن رہے ہیں۔ یہ میلہ اتوار4 دسمبر تک اپنی تمام رونقوں کے ساتھ جاری رہے گا۔ منگل 29 نومبر کو لوک ورثہ کی جانب سے خصوصی صوفی محفل کا اہتمام کیا جا رہا ہے جو لوک ورثہ اوپن ایئر تھیٹر میں شام 6 بجے سے رات 9 بجے تک جاری رہے گی۔
لوک میلہ میں شائقین کا جوش و ولولہ دیدنی ،آج صوفی محفل ہو گی
Nov 29, 2022