حضرو میونسپل کمیٹی کے خاکروبوں کی  ہڑتال برقرار،کو ئی پر سان حال نہیں 


حضرو(نمائندہ نوائے وقت) میونسپل کمیٹی حضرو کے خاکروب گزشتہ تین ماہ کی تنخواہوں سے محروم چلے آ رہے ہیں۔ انجمن تاجران مینا بازار حضرو کے صدر ملک رفیق آرائیں نے ان غریبوں کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے میدان میں آ گئے ہیں اور انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ان غریبوں کا کیا قصور ہے جو صبح جب لوگ سورہے ہوتے ہیں تو بے چارے سڑکوں پر جھاڑو لگا رہے ہوتے ہیں سارا سارا دن محنت مشقت کرکے بھی انکو ان کا حق کیوں نہیں دیا جارہا۔ اس موقع پر متعدد خاکروبوںنے بتایا کہ ہمیں تنخواہیں نہ ملنے سے ہم بجلی کے بل جمع نہیں کرا سکے  اور ہمارے گھروں کی بجلی کاٹ دی گئی ہے اور اسی طرح تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے دکانداروں نے ہمیں سودا سلف دینے سے صاف انکار کردیا ہے دکانداروں کا کہنا ہے کہ پہلے پچھلا حساب کلیئر کرو پھر سودا دیں گے اس طرح ہمارے گھروں میں فاقوں نے ڈیرے  ڈالے ہوئے ہیں۔ہماری کوئی شنوائی نہیں ہو رہی ۔ برائے مہربانی ہمیں تین تین ماہ کی رکی ہوئی تنخواہیں فی الفور ادا کی جائے ۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے سابق کونسلر حاجی احسان نے کہا کہ خاکروبوں کو ان کا حق دلانے تک ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن