آئی سی سی آئی کا دورہ  اٹلی، کاروبارکے نئے مواقع تلاش کرنا ہے،  اظہر الاسلام

Nov 29, 2022


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد نے نائب صدر انجینئر محمد اظہر الاسلام ظفر کی قیادت میں اٹلی کا دورہ کیا اور پاکستان اور اٹلی کے درمیان باہمی تجارت کے نئے مواقع تلاش کرنے کیلئے میلان چیمبر آف کامرس، اٹلی کے چیمبر آف کامرس نیٹ ورک کی نیشنل ایجنسی پروموز اٹلی اور ایسوسی ایشن آف کمپنیز کے ادارے اسولومبرڈا کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔ محمد شکیل منیر، جمشید اختر شیخ، چوہدری جاوید اقبال، ہمایوں کبیر، شہباز مجید شیخ، چوہدری محمد علی، شیخ محمد اعجاز اور اختر حسین وفد میں شامل تھے۔اٹلی کے شہر میلان میں پاکستان کی قونصل جنرل اقصیٰ نواز نے ان اداروں کے ساتھ چیمبر کے وفد کی ملاقاتوں کا اہتمام کیا۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر انجینئر محمد اظہر الاسلام ظفر نے کہا کہ پاکستان اٹلی کو تجارت اور برآمدات کے لیے یورپی یونین کا اہم ملک سمجھتا ہے اور آئی سی سی آئی کے وفد کا اٹلی کا دورہ کرنے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 50 لاکھ سے زائد ایس ایم ایز کام کر رہے ہیں جو پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں کیونکہ وہ جی ڈی پی میں 40 فیصد اور مجموعی برآمدات میں 25 فیصد حصہ ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کو قریب لا کر پاکستان اور اٹلی کی باہمی تجارت کو بہتر فروغ دیا جا سکتا ہے۔

مزیدخبریں