جامعہ کراچی میں دوروزہ فیکلٹی ڈیولپمنٹ ورکشاپ کی افتتاحی تقریب 

Nov 29, 2022


کراچی (نیوز رپورٹر) شعبہ کمپیوٹر سائنس جامعہ کراچی کے زیر اہتمام اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انٹرپرینیور،سرداریاسین ملک پروفیشنل ڈیولپمنٹ سینٹر،آئی ای ای ای کمپیوٹرسوسائٹی کراچی سیکشن،کوالٹی انہانسمنٹ سیل جامعہ کراچی،کیوایس ورلڈ میرٹ پاکستان اور ڈپلومیٹک فورم کے اشتراک سے دوروزہ فیکلٹی ڈیولپمنٹ ورکشاپ بعنوان:  ’’انسٹی ٹیوشنل ایکسیلینس بائی ڈیولپنگ‘‘ کا انعقاد گزشتہ روز سرداریاسین ملک پروفیشنل ڈیولپمنٹ سینٹر جامعہ کراچی میں کیا گیا ۔ورکشاپ سے مقررین جن میں پروفیسر ڈاکٹر انتخاب الفت،جاوید اکرم،یمن کے اعزازی قونصل جنرل ڈاکٹر مرزااختیار بیگ،سرداریاسین ملک پروفیشنل ڈیولپمنٹ سینٹر جامعہ کراچی کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر ریٹائرڈ مظفرالحسن اور ورکشاپ کے ریسورس پرسن طاہر چوہدری شامل ہیں نے کہا کہ اکیڈیمیاء اور انڈسٹریز کے ااشتراک کے بغیر اہداف کا حصول ممکن نہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے طلبہ کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کریں ۔ صنعتوں سے وابستہ ہونے کے لئے ہمیں ان کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر تدریس وتحقیق کو فروغ دینا ہوگا،جامعات اور صنعتوں کے مابین اشترا کیت کی کمی کی ایک بڑی وجہ مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تربیت کا فقدان بھی ہے ،عصرحاضر میں فیکلٹی ڈیولپمنٹ ناگزیر ہوچکی ہے۔موجودہ دور مقابلے کا ہے اور مقابلے کے اس دور میںفیکلٹی ڈیولپمنٹ ضروری ہے۔اس موقع پر شعبہ کمپیوٹر سائنس کے ڈاکٹر صادق علی خان نے کہا کہ مذکورہ ورکشاپ کا بنیادی مقصد عصرحاضر کے جدید تقاضوں کے مطابق تربیت فراہم کرناہے کیونکہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر نمایاں پہچان اور بہترین درجہ بندی کے لئے فیکلٹی ڈیولپمنٹ ضروری ہے۔انہوں نے تمام مہمانان کی آمد اور دیگر تمام اداروں کے تعاون پر ان کا شکریہ اداکیا۔

مزیدخبریں