کراچی(نیوز رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی سندھ
کے صدر سنیٹر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ عمران خان کا اسمبلیوں سے استعفوں کا اعلان جمہوریت پر کھلا عدم اعتماد ہے،اس لیئے وہ غیر جمہوری بن کر غیر جمہوری قوتوں کے آلہ کار بن رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو کراچی کے علاقے اعظم بستی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا سیاست میں دہرا معیار ہے اور وہ اپوزیشن میں بیٹھنا ہی نہیں چاہتے اس لئے ہیجانی صورتحال پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان خود حکومت میں رہیں تو انہیں اسمبلیاں اچھتی لگتی ہیں اگر وہ آج اپوزیشن میں ہیں تو انہیں اب اسمبلیاں خراب لگ رہی ہیں۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ عمران خان کو پارلیمنٹ اور اسمبلیوں کے ایوانوں میں اپوزیشن کا کردار ادا کرنا خراب اور ہنگامہ ،ہیجان کی صورتحال پیدا کرنا آسان لگتا ہے کیوں کہ عمران خان آمرانہ سوچ والے جمہوریت پر یقین نہیں رکھتے۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی جلد ماضی کا قصہ بن جائے گی اور عام انتخابات پارلیمنٹ کی مدت پوری ہونے پر آئندہ سال ہی ہونگے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کی طرح دوسرے مرحلے میں بھی بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔.
اسمبلیوں سے استعفوں کا اعلان جمہوریت پر کھلا عدم اعتماد ہے،نثارکھوڑو
Nov 29, 2022