کراچی (نیوز رپورٹر) وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ کا کہنا ہے کہ موسیقی فقط ناچ گانے کا نام نہیں ہے۔ سندھ میں میوزک ٹیچر بھرتی کے معاملے پر رکن اسمبلی مفتی قاسم فخری کے توجہ دلا نوٹس پر سید سردار شاہ نے کہا کہ انہوں نے غلط اعدادوشمار اسمبلی میں پیش کیے ہیں، سوشل میڈیا پر میوزک ٹیچرز کے حوالے سے بحث چلی ہے، موسیقی فقط ناچ گانے کا نام نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ترانہ بھی میوزیشن نے ترتیب دیا ، پوری دنیا کے بیشتر مسلم ممالک میں میوزک ٹیچرز ہیں، ریاضی کا استاد یہ نہیں سکھا سکتا کہ حمد و نعت کیسے پڑھنا ہے۔ سردار شاہ نے کہا کہ میوزک ٹیچرز حمد، نعت اور قوالی سکھائیں گے، عربی ٹیچرز ابھی بھی ہمارے سسٹم میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 4ہزار 500اسکول ہیں جن میں چار ہزار سے زائد عربی ٹیچرز ہیں، صرف 480عربی ٹیچرز کی کمی ہے جلد ان کو پورا کریں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل رکن ٹی ایل پی کا کہنا تھا کہ ہم میوزک ٹیچرز بھرتی کے معاملے کی مذمت کرتے ہیں ہمارے پاس ریاضی، عربی، سائنس کے ٹیچرز نہیں ہیں‘ انہیں بھرتی کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ میوزک ٹیچرز کی بھرتیوں کو روکیں۔
سندھ:میوزک ٹیچر، حمد، نعت اور قوالی سکھائیں گے‘ وزیر تعلیم کی منطق
Nov 29, 2022