پاکستان، امارات میں معاہدوںسے معیشت مضبوط ہو گی،وزیراعظم، آرمی چیف کا کردار قابل تحسین: محسن نقوی

Nov 29, 2023

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان تاریخی معاہدوں سے معیشت مضبوط ہوگی اور باہمی تعلقات نئی بلندیوں کو چھوئیں گے۔ پاکستان اور یواے ای کے درمیان معاہدوں سے معاشی تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔ محسن نقوی نے امارات سے اپنے پیغام میں کہا کہ سمجھوتوں پر عمل درآمد کے جلد مثبت اثرات سامنے آئیں گے۔ پاکستانی وفد کو متحدہ عرب امارات میں خصوصی پذیرائی ملی۔ امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے ساتھ ملاقات انتہائی مفید رہی۔ یو اے ای کے ساتھ تاریخی معاہدوں کے حوالے سے وزیر اعظم پاکستان کی کاوشیں لائق ستائش ہیں اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ ہونے والے معاہدوں میں آرمی چیف کا کردار بھی قابل تحسین ہے۔ سرمایہ کاری کے معاہدوں سے باہمی تعلقات کو نئی جہت ملے گی۔ امارات کی سرمایہ کاری سے پاکستان میں معاشی استحکام کی راہ ہموار ہوگی اور یو اے ای سے اقتصادی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ پاکستان اور امارات کے درمیان تاریخی اور گہرے برادرانہ تعلقات ہیں جو وقت کی ہر آزمائش پر پورا اترے ہیں۔ پاکستان اور امارات کے عوام محبت، بھائی چارے اور اخوت کے تاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ دونوں ملکوں کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ دوستی اور محبت کے رشتے ازل سے ہیں اور ابد تک رہیں گے۔ علاوہ ازیں محسن نقوی نے لاہور کے نواحی علاقے موہلنوال میں نجی کالج کی بس پر فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ فائرنگ کرنے والے ملزموں کی جلد گرفتار ی یقینی بنائی جائے اور فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والی طالبات کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

مزیدخبریں