لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں ایم ایس ایف اور مینارٹی ونگ کے عہدیداروں اور کارکنوں نے شرکت کی۔ آٹھ فروری کے عام انتخابات کے حوالے سے ایم ایس ایف اور مینارٹی ونگ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ ایم ایس ایف اور مینارٹی ونگ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور عام انتخابات میں نوجوانوں اور مینارٹی ونگ کی بھرپور شرکت اور شمولیت کو یقینی بنانے کی تاکید دی گئی۔ ملک بھر میں انتخابی سرگرمیاں تیز کرنے اور وفاق سمیت چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں نوجوانوں کو متحرک کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مریم نواز نے کہا کہ نوجوانوں اور اقلیتوں کو سیاست کی اولین صفوں میں لانا چاہتے ہیں۔ ان کے کردار میں بتدریج اضافہ کریں گے۔ نوجوان ملک کا سرمایہ ہیں۔ نوجوانوں کی ترقی ملک کی ترقی ہے۔ ایم ایس ایف کے پلیٹ فارم سے ملک بھر سے نوجوانوں کو عملی سیاست میں شمولیت کا موقع ملے گا۔ 2024ءپاکستان اور عوام کیلئے نئی امید، ترقی کا نیا دور لیکر آ رہا ہے۔ نواز شریف کی قیادت میں نئے سال سے پاکستان کی معاشی ترقی کا تیز رفتار دور شروع ہو گا۔ نواز شریف چاہتے ہیں کہ نوجوان عام انتخابات میں سیاسی سرگرمیوں کا ہراول دستہ بنیں۔ انتخابی سرگرمیوں میں اقلیتوں کے فعال کردار سے جمہوری کلچر مزید مضبوط ہوگا۔
نوازشریف چاہتے ہیں نوجوان سیاسی سرگرمیوں کا ہراول دستہ بنیں: مریم نواز
Nov 29, 2023