اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے ملک کو پولیو وائرس سے نجات دلانے کیلئے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ایک صحت مند اور محفوظ پاکستان کیلئے پرعزم ہے۔ اس کوشش میں بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن جیسے قابل اعتماد شراکت دار مدد گار ثابت ہو سکتے ہیں۔ منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کو بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاو¿نڈیشن (بی ایم جی ایف ) کے شریک چیئرمین بل گیٹس نے ٹیلی فون کیا جس میں پاکستان سے پولیو کے خاتمہ کے لئے جاری کوششوں میں پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے پاکستان کو پولیو سے محفوظ ملک بنانے کی حکومت کی کوششوں میں گیٹس فاو¿نڈیشن کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے ملک کو پولیو وائرس سے نجات دلانے کے لئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ اس سلسلے میں وزیراعظم نے بل گیٹس کو پاکستان بھر میں جاری پولیو ویکسینیشن مہم کے بارے میں آگاہ کیا۔ مزید برآں غذائی قلت کے مسائل اور ماں و بچہ کی صحت کے موضوعات پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے حکومت اور بی ایم جی ایف کے درمیان بہترین تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ بعدازاں امارات کا دورہ مکمل کر کے نگران وزیرِاعظم انوار الحق کاکڑ اپنے دو روزہ دورے کیلئے کویت پہنچ گئے ہیں۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق کویت پہنچنے پر کویت کے وزیرِ بجلی، پانی و قابل تجدید توانائی ڈاکٹر جاسم محمد عبداللہ الاستاد نے وزیرِ اعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔ دورے کے دوران وزیرِ اعظم ولی عہد کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح اور وزیرِ اعظم شیخ احمد النواف الاحمد الصباح سے ملاقات کریں گے۔ نگران وزیرِ اعظم کا دورہ کویت دونوں ممالک کے مابین اقتصادی و معاشی تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوگا جس میں افرادی قوت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، معدنیات و کان کنی، غذائی تحفظ، توانائی اور دفاع کے شعبوں میں باہمی تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔ قبل ازیں امارات میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ابوظہبی میں شیخ زید گرینڈ مسجد کا دورہ کیا اور مرحوم شیخ زید بن سلطان النہیان کی قبر پر فاتحہ خوانی کی اور ان کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انوار الحق کاکڑ نے متحدہ عرب امارات کے قومی ہیروز کی یادگار واحدة الکرامہ کا دورہ کیا۔ نگران وزیراعظم کو یادگارشہداءآمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ انوارالحق کاکڑ نے واحدة الکرامہ یادگار پر پھول چڑھائے۔ نگران وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے شہداءکے قربانیوں اور بہادری کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ہوائی اڈے پر متحدہ عرب امارات کے وزیر توانائی و انفراسٹرکچر سہیل محمد المزروعی اور پاکستانی سفارتی عملے نے وزیراعظم کو رخصت کیا۔