لاہورنواں کوٹ شیخوپورہ کامونکی (نامہ نگاران+ نمائندگان خصوصی) لاہور پولیس بجلی چوروں اور سموگ کا باعث بننے والے عناصر کے خلاف متحرک ہے۔ رواں سال میں بجلی چوری کے 20867 مقدمات درج اور 14050 بجلی چور گرفتار کئے گئے۔ جبکہ فضائی آلودگی کا باعث بننے والے عناصر کے خلاف 590 مقدمات درج اور 482 افراد گرفتار کئے گئے ہیں۔ فیسکو ریجن کے آٹھ اضلاع میں دوران چیکنگ مزید 45 بجلی چوروں کو دھر لیا گیا۔ ان بجلی چوروں کو 78ہزار سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور 35لاکھ 96ہزار روپے سے زائد کے جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔ ادھر لیسکو رورل سب ڈویژن نے عدم ریکوری اور بجلی چوری میں ملوث ہونے پر لیسکو سرکل شیخوپورہ کھارہانوالہ سب ڈویژن کے علاقے کھیڑا میں درجنوں افراد بجلی کی سرعام ڈائریکٹ سپلائی سے عرصہ دراز سے بجلی چوری کر رہے تھے جس کی ریکوری تقریباً 26لاکھ سے زائد ہے۔ بجلی چوری کے خلاف وفاقی حکومت کی طرف سے قانون نافد کرنے والے اداروں کو بھی مشترکہ طور پر متعلقہ محکمہ کے ساتھ ملکر کارروائی کرنے کا کہا گیا ہے مگر تھانہ شرقپور کی حدود میں واقع قصبہ کھیڑا کے بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کرنے سے گریزاں ہے۔ دوسری طرف لیسکو شیخوپورہ نے بجلی چور مافیا سے 32 لاکھ روپے ریکور کر لیے۔ مزید 40 لاکھ روپے کی ریکوری کے لیے 50 ایف ائی آر درج کر لی گئی ہیں۔ کامونکی میں گزشتہ روز سٹی اور صدر پولیس نے گیپکو کے ایس ڈی اوز حافظ ابراہیم ادریس چیمہ اور تنزیل ممتاز کی درخواستوں پر ڈائریکٹ تاریں لگا کر بجلی چوری کرنے پر محلہ کراچی کے خرم، احمد پور ورکاں کے امجد فاروق، تولیکی ورکاں کے محمد علی اور کوٹ رفیق کے امتیاز کیخلاف الگ الگ مقدمات درج کر لئے ہیں۔