سموگ تدارک، سی سی پی او لاہور رات 10 بجے تجارتی سرگرمیاں بند کرانے کے حکم پر عمل کرائیں، ہائیکورٹ

 لاہور (خبرنگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ تدارک کیس میں تجارتی سرگرمیاں کو رات دس بجے بند کروانے کی ہدایت کردی۔ تحریری حکم میں عدالت نے لکھا کہ سی سی پی او لاہور رات دس بجے تجارتی سرگرمیاں بند کروانے کے حکم پر عملدرآمد کروائے۔ سموگ کنٹرول کرنے کے لیے وزیر اعلیٰ کے سیکرٹری، سی سی پی او لاہور بھی اقدامات کریں۔ نگران حکومت نجی اداروں اور بنکوں کو ہفتے میں دو دن ورک فرام ہوم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرے۔ عدالت نے ڈی جی ماحولیات سے آلودگی کے باعث ڈی سیل ہونے والے انڈسٹری یونٹس کو دوبارہ سیل کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ڈی سیل کرنے والے محکمہ ماحولیات کے افسروں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔ آئندہ سماعت پر فیکٹریوں کو سیل کرنے کی رپورٹ طلب کرلی۔ عدالت نے حکم دیا کہ گرین بیلٹ پر پارکنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں جائیں، گرین بیلٹ کو نقصان پہنچانے والے فارم ہاؤس کو گرایا جائے۔ میواکی جنگل کے حوالے سے رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔

ای پیپر دی نیشن