کیف (نیٹ نیوز) بحیرہ اسود میں سمندری طوفان نے روس اور یوکرائن کے ساحلی علاقوں کو شدید متاثر کیا ہے جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کے ساتھ بڑے پمانے پر تباہی مچی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق سمندری طوفان کی وجہ سے روس کے زیر انتظام کریمیا میں لاکھوں لوگ بجلی سے محروم ہو گئے۔ جبکہ دونوں ملکوں کے ساحلی علاقوں میں تیز بارش اور آندھی کی وجہ سے سڑکیں زیر آب آ گئیں اور درخت جڑ سے اکھڑنے سمیت بیشتر مکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔ یوکرائن کی وزارت توانائی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یوکرائن میں دو ہزار کے قریب قصبے اور دیہات اتوار کی رات سے بجلی نہ ہونے کے سبب تاریکی میں ڈوبے ہوئے ہیں جبکہ اوڈیسا میں ہیٹ اینڈ پاور پلانٹ تباہ ہو گئے ہیں۔ اس کے علاوہ بتایا جا رہا ہے کہ سمندری طوفان کی وجہ سے ہونے والی بارشوں اور تیز ہوا¶ں کے سبب مختلف واقعات میں یوکرائن میں 10 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ روس میں تین افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔
بحیرہ اسود، سمندری طوفان سے روس، یوکرائن میں تباہی، 13 ہلاکتیں، لاکھوں افراد بجلی سے محروم
Nov 29, 2023