راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)دربارِ عالیہ عیدگاہ شریف میں حضور نبی کریم کے ارفع و اعلیٰ ماہانہ میلادِ پاک کے سلسلے میں عظیم الشان محفل کا انعقاد کیا گیا جسکی صدارت عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمدنقیب الرحمن نے کی اور جس میں مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد تھے جس میں ہزاروں کی تعداد میں غلامانِ مصطفی کے علاوہ سابق ممبر قومی اسمبلی حنیف عباسی، سابق ایم پی اے ضیاءاللہ شاہ، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز محمود (سجادہ نشین) پیر حبیب اللہ شاہ (گھمکول شریف)، پیر سید سعادت علی شاہ (چورہ شریف)، علمائے کرام، ممتاز نعت خواں محمد عامر فیاضی، غلام مصطفیٰ قادری و دیگر، ممتاز سماجی و کاروباری شخصیات شہباز ظہیر، ملک خیام وحید کے علاوہ کثیر تعداد میں خواتین نے بھی شرکت کی عید گاہ شریف کا مرکزی پنڈال تا حدِ نگاہ عوام الناس سے بھر گیا اور خوبصورت برقی قمقموں اور روشنیوں نے ایک خوبصورت سماں باندھ دیا وفاقی وزیر مذہبی امورنے عظیم الشان میلادِ مصطفی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امتِ مسلمہ کے پاس دین و دنیا میں کامیاب ہونے کے لئے اتباعِ رسولِ مقبول کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے۔ عید گاہ شریف ایک ایسا سر چشمہ رشد و ہدایت ہے جو اتباع و عشقِ رسولِ مقبول سے مخلوقِ خدا کو صدیوں سے فیضیاب کر رہا ہے۔ وطنِ عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی اور عوام الناس کی آپس میں اتحاد و یگانگت کے لئے عید گاہ شریف کا کردار انتہائی اہم ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قبلہ پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا کہ یہ ربِ کریم کا ہم پر بہت بڑا احسان ہے کہ اسے ہمیں اپنے پیارے حبیب، اہلِ بیتِ اطہار، اصحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعٰین اور اولیاءالقیاءامت کی محبت و مودت عطا کی اور ان کے فضائل و مناقب بیان کر کے اپنے دین و دنیا کو سنوارنے کا موقع عطا کیا۔ عید گاہ شریف کا ایک ہی مشن ہے کہ کائنات کے ذرے ذرے کو عشقِ مصطفی کے نور سے منور کیا جائے۔حضور نبی رحمت ربِ رحمن کا وہ احسانِ عظیم ہے جن کے متعلق ربِ رحمان نے فرمایا کہ میری نعمت کا خوب چرچا کرو۔ حضور علیہ الصلوٰ و السلام کی غلامی و محبت ہی امتِ مسلمہ کو اتحاد و یگانگت عطا کر سکتی ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پیر محمد نقیب الرحمن نے کہا کہ قرآنِ کریم میں ربِ رحمان حکم ارشاد فرما رہا ہے کہ جو کچھ میرے حبیب عطا فرمائیں وہ لے لو اور جس سے منع فرمائیں اس سے رک جاو¿۔ تمام تعلیماتِ نبوی ہماری بھلائی اور بہتری کی ضامن ہیں اور اس شخص کے مقدر کے ستارے چمک جاتے ہیں جو حضور نبیِ رحمت کی غلامی کے رنگ میں اپنے عمل و کردار کو رنگ لیتا ہے۔ امتِ مسلمہ اپنے روحانی مرکز مدینہ منورہ کی جانب رجوع کرکے اقوامِ عالم میں ممتاز مقام حاصل کر سکتی ہے۔ اس عظیم الشان محفلِ میلادِ مصطفیٰ کا اختتام درود و سلام کے بعد پیر محمد نقیب الرحمن کی وطنِ عزیز کی سلامتی،خوشحالی،ترقی، مسلمانوں کے آپس میں باہم اتحاد و اتفاق، افواجِ پاکستان کی سر بلندی اورفلسطین کے مظلوم مسلمانوں کو ظلم و بربریت سے نجات اور آباد کاری کے لئے خصوصی دعا کی جس کے بعد وسیع و عریض لنگر کا بھی اہتمام تھا۔
امت کے پاس کامیابی کیلئے اتباعِ رسولِ مقبول کے سوا کوئی راستہ نہیں،انیق احمد
Nov 29, 2023