چین کے سنٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل ژانگ یوشیا نے اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا جہاں ان کی پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر سے ون آن ون ملاقات ہوئی۔ بعد ازاں، وفود کی سطح کے مذاکرات ہوئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، دو طرفہ دفاعی تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ¿ خیال ہوا جبکہ جنرل عاصم منیر نے باہمی اعتماد اور تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔ آرمی چیف نے پاک چین تعلقات کی پائیداری کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین تاریخی شراکت داری مزید بڑھانے کے لیے تیار ہیں۔ تمام حالات میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ جنرل عاصم منیر نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات باہمی اعتماد اور تعاون پر مبنی ہیں۔ دونوں ممالک کے تعلقات مشکل گھڑی میں اعتماد پر پورا اترے۔ مثالی تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ اس موقع پر وائس چیئرمین ڑانگ یوشیا نے تزویراتی شراکت داری کے حوالے سے پاکستان کی ثابت قدمی پر تعریف کی۔ علاوہ ازیں، بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو نے آرمی چیف سے ملاقات کی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، دونوں رہنماو¿ں کی ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی تعاون کے امکانات اور علاقائی سلامتی پر تبادلہ¿ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے عالمی اور علاقائی امور میں بیلاروس کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا اور دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ صدر الیگزینڈر لوکا شینکو نے علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے میں پاکستان کی مسلح افواج کے اہم کردار کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کی تعریف کی۔ مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھنے سے پاک چین تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہوتے جا رہے ہیں جس سے باہمی اعتماد بھی بڑھ رہا ہے۔ چین پاکستان کی صنعتی و دفاعی جدت میں پاکستان کا بہترین معاون ہے، تعلقات مزید گہرے اور مضبوط بنانے کے لیے ضروری ہے کہ اس دوستی میں دراڑیں ڈالنے والوں پر کڑی نظر رکھی جائے اور جن عوامل کے ذریعے دونوں ملکوں کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ٹھوس اقدامات کی مدد سے ان کا سد باب کیا جائے۔