لاہور(سپورٹس رپورٹر)سابق ٹینس سٹار اور پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا جہاں پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اعصام الحق نے پاکستان میں ٹینس کی ترقی کیلئے اپنے وژن کا اظہار کیا اور ایک جم کے قیام، پلیئرز ٹینس ہٹ کی تزئین و آرائش، کھلاڑیوں کیلئے گیسٹ رومز کو دوبارہ بنانے اور یوٹیوب پر میچز کی لائیو کوریج کو بڑھانے کے منصوبوں کا خاکہ پیش کیا۔ انہوں نے مستقبل میں قومی سطح پر منعقد کے جا نے والے ٹورنامنٹس کی تفصیلات پر بھی روشنی ڈالی۔انہوں نے کھیل کے فروغ اور ملک کے عالمی امیج کو بڑھانے کیلئے قومی اور بین الاقوامی ٹورنامنٹس کے انعقاد کیلئے کارپوریٹ سیکٹرکے تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ آئی سی سی آئی کی جانب سے صدر ناصر قریشی نے اعصام الحق قریشی کو ہونہار کھلاڑیوں کی گرومنگ سمیت ٹینس کے فروغ کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے چیمبر کی جانب سے کھیل کی ترقی کیلئے اور دیگر شعبوں میں بھی مدد کیلئے آمادگی کا اظہار کیا۔اعصام الحق کیساتھ پی ٹی ایف کے سیکرٹری جنرل کرنل ضیا الدین طفیل(ر)، سینئر نائب صدر سہیل خواجہ، اور کمپلیکس اینڈ سکیورٹی کے ڈائریکٹر کرنل گل رحمان (ر )بھی موجود تھے۔
اعصا م الحق قریشی کا دورہ اسلام آباد چیمبر‘ٹینس کے فروغ کیلئے وژن پیش
Nov 29, 2024