شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)تباہ حال سیوریج لائنوں سے رسنے والا واٹر پینے کے صاف پانی میں شامل ہوکر نلوں کے ذریعے شہریوں کے گھروں تک پہنچ رہاہے جسے پینے سے شہریوں کی صحت متاثر ہورہی ہے خصوصاً ہیپاٹائٹس کا مرض تیزی سے پھیل رہا ہے اور گنجان آباد علاقوں کا ہر تیسرا شخص اس کی لپیٹ میں آچکا ہے ، ذرائع کے مطابق شہر بھر میں زیر زمین بچھائی گئی سیوریج لائنیں غیر معیاری میٹریل کے استعمال کے باعث جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور ان میںبہنے والا زیادہ تر پانی زیر زمین سما رہا ہے اسی طرح پینے کے صاف پانی کی لائنیں بچھانے کے منصوبہ میں بھی بے دریغ غیر معیاری میٹریل استعمال کیا گیا اوریہ واٹر لائنیںبھی جگہ جگہ سے ٹوٹ چکی ہیں اور ان کا پانی آپس میں مکس ہورہا ہے جس کے باعث پینے کے صاف پانی کے سرکاری نلوں کے ذریعے شہریوں کو میسر آنے والا پانی نہایت آلودہ اور مضر صحت ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ فوری نوٹس لیں اور نئی معیاری سیوریج لائنیں بچھانے کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھائیں۔