لاہور( خصوصی نامہ نگار ) دینی درسگاہ جامعہ غوثیہ احسن المدارس میں ختم بخاری شریف اور بانی جامعہ مفتی محمد ارشاد احمد نقشبندی ؒ کے سالانہ عرس کا انعقاد کیا گیا۔ تحریک لبیک یارسول اللہؐکے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس دیا۔ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا حضرت امام بخاریؒنے امت مسلمہ کو صحیح احادیث کا عظیم تحفہ دیا۔ قیامت تک مسلمان صحیح بخاری شریف سے مستفید ہوتے رہینگے۔ یہ خیر الامم کا امتیاز ہے کہ انہوں نے صرف اپنے رسولؐپر اترنے والی کتاب ہی محفوظ نہیں کی بلکہ ہر ہر خطاب بھی محفوظ کیا ہے۔ احادیث رسولؐپڑھنے والے کا سینہ اور چہرہ دنیا اور آخرت میں منور رہتا ہے۔ جہاں احادیث پڑھی پڑھائی جاتی ہیں۔ حضرت محمد مصطفیؐ اس ماحول پر خصوصی توجہ فرماتے ہیں۔ احادیث رسول میں انسانی زندگی کے تمام شعبہ جات کے مسائل کا حل موجود ہے۔ احادیثِ مصطفی ؐ قرآن مجید کی مستند تفسیر اور خوشبوے رسولؐکا نہایت خوبصورت باغیچہ ہیں۔