لاہور (خبر نگار+ این این آئی) ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ تدارک کیس کا گذشتہ سماعت کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ عدالت نے تعلیمی اداروں میں سکول بسیں چلانے کے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ موسم سرما کی تعطیلات کے بعد عدالتی حکم پر عمل نہ کرنے والے سکولوں کو چلنے نہیں دیا جائے گا۔ محکمہ ٹرانسپورٹ بھاری گاڑیوں کا باقاعدگی سے معائنہ کرے، محکمہ ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے متواتر معائنے اور ڈیٹا کے لیے پالیسی وضع کرے، پی ایچ اے لاہور میں کونو کارپس نامی پودے کی شجرکاری بند کر کے اس کے درخت اکھاڑے گی، ان پودوں کی جگہ دیسی درخت لگائے جائیں گے، محکمہ تحفظ ماحولیات نے بتایا کہ سٹون کرشنگ پر مکمل پابندی ہے۔ دریں اثناء بھارت سے آنے والی آلودہ ہوائوں کی وجہ سے لاہور ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آ گیا۔ لاہور کا ائیر کوالٹی انڈیکس440 ریکارڈ کیا گیا اور بھارتی دارالحکومت نئی دہلی 334 فضائی آلودگی کے انڈیکس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔ اس کے علاوہ سکھر 565 ائیر پارٹیکولیٹ میٹرز کے ساتھ ملک کا آلودہ ترین شہر اور شیخوپورہ 483 کے ساتھ ملک کا تیسرا آلودہ شہر رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ایک ہفتے تک بارش کا کوئی امکان نہیں۔
سموگ تدارک کیس، ٹرانسپورٹ نہ دینے والے سکول سرما تعطیلات کے بعد بند کر دیئے جائیں: ہائیکورٹ کا تحریری حکم
Nov 29, 2024