شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر و سابق رکن صوبائی اسمبلی محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کی حکومت نے عوام کو حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا اور عوامی فلاح و بہبود کی خاطر برسر پیکار ہے۔پارٹی قیادت کی ہدایت پر حکومتی اقدامات کی عملداری کی خاطر بھرپور کردار ادا کررہے ہیں یہ کاوشیں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔بیرونی دنیا کا پاکستان پر اعتماد بڑھ رہا ہے سرمایہ کاری کا فروغ اس کا واضح ثبوت ہے‘ (ن) لیگ کی قیادت ملکی ترقی و عوامی خوشحالی کی خواہاں ہے جس کیلئے اندرونی و بیرونی سرمایہ کاری کو وسعت دی جارہی ہے تاکہ ملک میں کاروبار زندگی بحال ہو اور عوام کو روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع میسر آسکیں، حکومت عوام سے کچھ نہیں چھپا رہی ہر اقدام عوام کے سامنے ہے حکومت قوم کو اعتماد میں لیکر تمام تر اصلاحات عمل میں لا رہی ہے۔